حیدرآباد

مسلم وفد کی چیف منسٹرریونت ریڈی سے ملاقات

تلنگانہ کے ممتازمسلم قائدین کے ایک وفد نے آج سابق وزیر محمدعلی شبیر کی قیادت میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے سکریٹریٹ میں ملاقات کرتے ہوئے انہیں ریاست میں کانگریس کی کامیابی اور نئی حکومت کی تشکیل پر مبارکباددی اورمسلمانوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے ممتازمسلم قائدین کے ایک وفد نے آج سابق وزیر محمدعلی شبیر کی قیادت میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے سکریٹریٹ میں ملاقات کرتے ہوئے انہیں ریاست میں کانگریس کی کامیابی اور نئی حکومت کی تشکیل پر مبارکباددی اورمسلمانوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

وفد میں نواب محبوب عالم خاں‘ محمد مشتاق ملک صدرتحریک مسلم شبان‘ مولانا سید شاہ خسروبیابانی سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹ اور دیگر شامل تھے۔

بتایاگیاہے کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی تائیدوحمایت کرنے پر مسلم قائدین سے اظہارتشکر کیا اورکہاکہ ان کی حکومت مسلمانوں کے ساتھ مکمل انصاف کرئے گی اورکانگریس پارٹی کی جانب سے جاری کردہ مائناریٹی ڈیکلریشن کوروبہ عمل لانے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔

وفد نے چیف منسٹر کومسلمانوں کے تعلیمی‘ معاشی واوقافی مسائل سے بھی واقف کرایا۔ بالخصوص مسلم طلباء کی فیس ریمبرسمنٹ اور اسکالرشپ کی بحالی‘وقف اراضیات پر کامپلکس کی تعمیر‘ریاستی کابینہ میں مسلم نمائندگی‘ اردو میڈیم اسکولس میں اساتذہ کی خالی جائیدادوں پر تقررات اوردیگراہم مسائل کی جانب توجہ دلائی۔

چیف منسٹر نے وفد کو تیقن دیا کہ بہت جلد ریاستی کابینہ میں مسلم نمائندگی دی جائے گی۔فیس ریمبرسمنٹ واسکالرشپ کی بحالی کویقینی بنایا جائے گا۔وقف جائیدادوں کے تحفظ اور انہیں ترقی دینے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔

وفد کی جانب سے تاریخی چارمینار پر چیف منسٹر کی استقبالیہ تقریب میں شرکت کی دعوت کوبھی ریونت ریڈی نے قبول کیا۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے مسلم قائدین کے وفد کوتیقن دیا کہ ان کی حکومت پرانا شہر کی ترقی کی پابند ہے۔

موسیٰ ندی کی ترقی سے متاثر ہونے والے عوام کو چیف منسٹر نے ڈبل بیڈروم فراہم کرنے کا تیقن دیا۔سابق وزیر محمدعلی شبیر نے بھی اقلیتوں کے مسائل سے چیف منسٹر کوواقف کرایا۔

a3w
a3w