وزیراعظم مودی کے ہاتھوں شیوموگہ ایرپورٹ کا افتتاح
وزیراعظم نریندر مودی نے انتخابی ریاست کرناٹک میں شیوموگہ ایرپورٹ کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ریاست اور مرکز کی ڈبل انجن بی جے پی حکومت تیز رفتار ترقی کو یقینی بنارہی ہے۔
شیوموگہ: وزیراعظم نریندر مودی نے انتخابی ریاست کرناٹک میں شیوموگہ ایرپورٹ کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ریاست اور مرکز کی ڈبل انجن بی جے پی حکومت تیز رفتار ترقی کو یقینی بنارہی ہے۔
یہاں کثیر مجمع سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے کرناٹک ریاست کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا۔ کرناٹک ترقی کا رتھ ہے۔ ڈبل انجن حکومت نے ترقی کی رفتار بڑھادی ہے۔ بی جے پی حکومت مواضعات، ٹائر 2اور ٹائر 3شہریوں کی ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔
پارٹی نے ترقی کے بڑے شہریوں اور اطراف علاقوں تک محدود ہونے کابیانیہ بدل دیا۔“ انہوں نے کہا کہ ملک میں فضائی سفر کا موڈ ہے۔ کانگریس کے دور حکومت میں ایر انڈیا کی شناخت اسکامس، خراب تجارتی ماڈلس سے تھی۔ آج ایرانڈیا‘ دنیا کو ہندوستان کی طاقت دکھارہا ہے۔ ایر انڈیا نے دنیا کے سب سے بڑے طیاروں کی خریدی کی معاملت کی ہے اور دنیا میں ہندوستانی ہوابازی مارکٹ کے چرچے ہورہے ہیں۔
آنے والے دنوں میں ہندوستان میں ہزاروں طیاروں کی ضرورت ہوگی۔ اس شعبہ میں ہزاروں نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ فی الحال طیارے بیرونی ملکوں سے درآمد کیے جاتے ہیں۔ عنقریب وہ ہندوستان میں ہی تیار کیے جائیں گے اور وہ دن دور تھے جب ہندوستانی‘ ہندوستان میں بنے طیاروں میں پرواز کریں گے۔“
انہوں نے کہا کہ 2014ء سے قبل صرف شہروں میں ایرپورٹس ہوتے تھے۔ چھوٹے شہروں میں ایرپورٹس تعمیر کرنے کی کوئی پالیسی نہیں تھی۔ 2014ء سے قبل سات دہائیوں میں صرف74 ایرپورٹس تعمیر ہوئے تھے۔ بی جے پی حکومت نے نو سالوں میں 74نئے ایرپورٹس تعمیر کیے۔ جب ایرپورٹس کی تعمیر ہوتی ہے تو بیرونی شہری ڈالرس اور پاؤنڈس کے ساتھ یہاں آتے ہیں اور روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔“
انہوں نے زور دے کر کہا کہ بی جے پی حکومت ماؤں اور بہنوں کی تکالیف کو کم کرنے کے تئیں مکمل متوجہ ہے۔ بیت الخلاؤں کی تعمیر، گیس اور نلوں کے ذریعہ پانی کی سربراہی کی جارہی ہے۔“ وزیراعظم نریندر مودی کے پروگرام میں کسی اور شخص کے مرکز توجہ بننے کا امکان بہت کم ہوتا ہے۔ مگر اس جلسہ میں ایسا لگا کہ خود مودی کرناٹک بی جے پی کے طاقتور لیڈر بی ایس یدی یورپا کو ان کے آبائی ضلع میں ”فخریہ مقام“ دے رہے ہیں۔
شیوموگہ ایرپورٹ کے افتتاح پر مودی نے چار مرتبہ چیف منسٹر رہ چکے یدی یورپا کی80ویں سالگرہ پر خوب ستائش کی اور ان کی خدمات کو عوامی زندگی کے لیے باعث تحریک قرار دیا۔ وزیراعظم نے اس خاص دن پر ید یورپا کو تہنیت پیش کی اور چار مرتبہ کے چیف منسٹر کو اس وقت حیران کردیا جب انہوں نے جلسہ گاہ میں موجود لوگوں سے یدی یورپا کے اعزاز میں اپنے موبائل فون کی لائٹس روشن کرنے کی اپیل کی۔ طاقتور لنگایت لیڈر کی تقریر کے اختتام پر مودی نے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں۔
مودی کے اس سلوک نے قیاس آرائیوں کو ہوا دی کہ بی جے پی یدی یورپا کی عوامی مقبولیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں اگلے اسمبلی انتخابات میں اپنی انتخابی مہم کے مرکز میں لانا چاہتی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے گزشتہ ہفتہ عوامی اجلاس میں عوام سے مودی اور یدی یورپا پر دوبارہ اعتماد کرنے اور بی جے پی کو ریاست میں برسراقتدار لانے کی اپیل کی تھی۔ واضح رہے کہ بی جے پی کی مرکزی قیادت نے یدی یورپا کو جولائی 2021ء میں بطور چیف منسٹر مستعفی کروایا تھا۔
اس اقدام کو بعض گوشوں نے ان کی عمر سے منسوب کیا جبکہ بعض کا خیال تھا کہ پارٹی ریاست میں نئی قیادت کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ مودی نے پُرجوش ہجوم سے کہا کہ یہ ایک سے زائد وجوہ سے ایک خاص دن ہے۔ آج مقبول لیڈر بی ایس یدیورپا کا یوم پیدائش ہے۔ میں ان کی طویل عمری کے لیے دعاگو ہوں۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی غرباء اور کسانو ں کی بہبود کے لیے گزاری۔“
وزیراعظم نے گزشتہ ہفتہ کرناٹک اسمبلی میں یدی یورپا کی تقریر کو یاد کیا اور اسے عوامی زندگی میں موجود ہر شخص کے لیے باعث تحریک قرار دیا۔ مودی نے کہا کہ یدی یورپا کی تقریر اور ان کی زندگی ہمیں اور اگلی نسل کو تحریک دیتی رہے گی کہ کامیابی کی بلندی پر پہنچنے کے باوجود کس طرح خاکساری کا رویہ اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے اپنی عوامی زندگی کے 50-60 سال نظریہ کے لیے گزاردیے۔“
جب مودی انہیں میسور پیٹا (میسور کی پگڑی) اور سبز شال پہنارہے تھے تو یدی یورپا جذبات سے مغلوب تھے اور بمشکل اپنے اشک روک پارہے تھے۔ تاہم جیسے ہی موبائیل فونس کی روشنیاں ہوئیں، یدی یورپا اپنے جذبات کو ضبط نہیں کرسکے اور آنکھوں سے اشک رواں ہوگئے اور انہیں آنکھیں پونچھتے دیکھا گیا۔ سابق چیف منسٹر نے کہا کہ اس پروگرام سے میں خوشی سے سرشار ہوگیا۔
وزیراعظم مودی نے وعدہ کیا تھا کہ ایرپورٹ کا افتتاح میری سالگرہ پر ہوگا۔“ یدیورپا جو انتخابی سیاست سے سبکدوشی کا اعلان کرچکے ہیں، نے شیوموگہ کے عوام سے اظہار ممنونیت کیا جنہوں نے انہیں خدمت کے لیے اپنا نمائندہ منتخب کیا۔
اپنی 55سالہ عوامی زندگی کو یاد کرتے ہوئے یدی یورپا نے کہا کہ عام طور پر مجھے سالگرہ منانے میں دلچسپی نہیں ہے مگر جب بنگلورو میں میری 60ویں سالگرہ منائی گئی تو اس وقت کے وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے اس پروگرام کی صدارت کی اور کہا کہ وہ بھی عام طور پر سالگرہ کی تقاریب میں شریک نہیں ہوتے مگر یہ ایک استثنائی معاملہ ہے۔