امریکہ: حادثہ میں بچ جانے والے ایل بی نگر سافٹ ویر انجینئر کی فوری پیش آئے دوسرے حادثہ میں موت
حادثہ اس وقت پیش آیا جب بارش کے دوران اُن کی گاڑی پھسل کر دوسری گاڑی سے ٹکراگئی۔ کار میں سوار پرتھوی راج اور اُن کی اہلیہ سری پریا ایئر بیگز کی وجہ سے محفوظ رہیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک 30 سالہ سافٹ ویر انجینئر کی امریکہ کے شمالی کیرولینا میں سڑک حادثہ میں موت ہوگئی۔ اُن کے افراد خاندان نے یہ بات بتائی۔
رپورٹس کے مطابق اباراجو پرتھوی راج تقریباً 8 سال سے امریکہ میں ملازمت کررہے تھے اور گزشتہ سال اُن کی شادی ہوئی تھی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بارش کے دوران اُن کی گاڑی پھسل کر دوسری گاڑی سے ٹکراگئی۔ کار میں سوار پرتھوی راج اور اُن کی اہلیہ سری پریہ ایئر بیگز کی وجہ سے محفوظ رہے۔
حادثہ کے فوری بعد پرتھوی راج پولیس کو حادثہ کی اطلاع دینے کیلئے کار سے باہر نکلے جبکہ اُن کی بیوی گاڑی میں ہی اُن کا انتظار کررہی تھی۔ اسی دوران سڑک کی دوسری جانب سے آنے والی ایک اور تیز رفتار کار نے پرتھوی راج کو ٹکر دے دی۔ پرتھوی راج نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
پرتھوی کے افراد خاندان ایل بی نگر میں مقیم ہیں۔ اُن کے والد اباراجو وینکٹ رمنا محمکہ برقی کے ایک ریٹائرڈ ملازم تھے۔ دوسال قبل اُن کا انتقال ہوگیا تھا۔
پرتھوی راج کی موت کی خبر سے اُن کے آبائی علاقہ میں کہرام مچ گیا۔ ان کے افراد خاندان نے مزید بتایاکہ پرتھوی راج کے پوسٹ مارٹم کے بعد اتوار کو اُن کی لاش حیدرآباد لانے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ مہینہ بھی اسی طرح کے ایک سڑک حادثہ میں تلنگانہ کے دو انجینئرنگ طلبا کی امریکہ میں موت ہوگئی تھی۔ دونوں ایریزونا کی ایک یونیورسٹی میں کمپیوٹر سائنس انجیئنرنگ کی تعلیم حاصل کررہے تھے۔ یہ طلبا کریم نگر اور جنگاؤں کے رہنے والے تھے۔