دہلی

پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس‘ پارلیمنٹ کی پرانی عمارت میں ہی منعقد ہوگا

پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس پرانی عمارت میں منعقد ہوسکتا ہے کیونکہ نئی عمارت کا کچھ تعمیراتی کام ابھی باقی ہے۔

نئی دہلی: پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس پرانی عمارت میں منعقد ہوسکتا ہے کیونکہ نئی عمارت کا کچھ تعمیراتی کام ابھی باقی ہے۔

ذرائع نے پیر کے دن یہ بات بتائی۔ حکومت‘ سرمائی اجلاس سے قبل پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی تعمیر مکمل کرلینا چاہتی تھی۔ سرمائی اجلاس عام طورپر نومبر کے تیسرے ہفتہ میں شروع ہوتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی عمارت کی تعمیر دن رات جاری ہے۔

سیول ورک لگ بھگ مکمل ہوچکا ہے لیکن فنشنگ ورک اور الکٹرک ورک جاریہ سال کے اختتام تک جاری رہ سکتا ہے۔ تعمیر کی رفتار بڑھانے ساتھ ساتھ فرنیچر‘ قالین اور دیگر اشیاء تیار کرالی گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ بتانا دشوار ہے کہ تعمیر کب مکمل ہوگی۔

سرمائی اجلاس پرانی عمارت میں ہی طلب کرنا پڑے گا۔ پارلیمنٹ کی نئی تکونی عمارت سنٹرل وِسٹا ری ڈیولپمنٹ پراجکٹ کا حصہ ہے۔ اس پراجکٹ کے تحت کامن سنٹرل سکریٹریٹ‘ وزیراعظم کا نیا بنگلہ (پی ایم ایچ)‘ وزیراعظم کا دفتر(پی ایم او)اور نائب صدر کا نیا انکلیو وغیرہ شامل ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمارت کی فرنشنگ مکمل ہونے کے بعد بھی 15 تا 20 دن اسٹافرس کو ٹریننگ دینے میں لگیں گے۔ اس کے لئے لوک سبھا سکریٹریٹ‘ راجیہ سبھا سکریٹریٹ‘ نیشنل انفارمیٹک سنٹر‘ آئی ٹی ڈی سی اور ہاؤز کیپنگ اسٹافرس کے لئے تمثیلی مشقیں بھی ہوں گی۔