ایشیاء

پاکستان میں مارچ میں میزائیل حادثاتی طور پر فائر ہونے کا واقعہ

پاکستان میں جاریہ سال کے اوائل میں برہموس میزائیل حادثاتی طورپر داغنے پر انڈین ایرفورس کے تین عہدیداروں کو برطرف کردیا گیا ہے۔

نئی دہلی: پاکستان میں جاریہ سال کے اوائل میں برہموس میزائیل حادثاتی طورپر داغنے پر انڈین ایرفورس کے تین عہدیداروں کو برطرف کردیا گیا ہے۔

فضائیہ نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ9۔ مارچ 2022 کو ایک برہموس میزائیل حادثاتی طورپر داغا گیا تھا۔اس کیس کے حقائق کاپتہ چلانے ایک کورٹ آف انکوائری بٹھایاگیاتھاتاکہ ذمہ داری کاتعین کیاجاسکے۔

بعدازاں پتہ چلاکہ3 عہدیداروں نے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر(ایس او پی) سے انحراف کیاتھا جس کے نتیجہ میں یہ میزائیل حادثاتی طورپر فائر ہوگیاتھا۔ مرکزی حکومت سے ان کی خدمات فوری اثر کے ساتھ ختم کردی گئی ہیں۔

عہدیداروں کو23۔ اگست2022 کواحکام حوالے کئے گئے۔ وزارت دفاع نے میزائیل داغے جانے کو انتہائی افسوسناک قراردیاتھا اوراس کی وجہ تکنیکی خرابی بتائی تھی۔ پاکستان کے مطابق میزائیل 40ہزارفیٹ کی بلندی پراس کے فضائی حدودمیں زائد از100 کیلومیٹراندرتک داخل ہوااوراس کی رفتار‘ آواز کی رفتارسے تین گناتھی۔

اس میزائیل پرکوئی وارہیڈ نہیں لگاہواتھااسی لئے یہ پھٹ نہیں سکا۔پاکستان کے دفترخارجہ نے کہاکہ اس نے اسلام آبادمیں ہندوستانی ناظم الامور کو طلب کیااور اس کے فضائی حدودکی بلااشتعال خلاف ورزی پراحتجاج کیا۔

پاکستان نے اس واقعہ کی تحقیقات کامطالبہ کیاتھا اورکہاتھاکہ اس کی وجہ سے مسافرپروازوں اورعوام کی زندگیوں کوخطرہ لاحق ہوسکتاتھا۔ پاکستان نے ہندوستان کووارننگ دی ہے کہ وہ ایسی لاپرواہی کے ناخوشگوار نتائج کوذہن میں رکھے اورمستقبل میں ایسی خلاف ورزیوں سے بچنے موثر اقدامات کرے۔