مہاراشٹرا

پھڈنویس کی بیوی کو رشوت دینے کی کوشش۔ بھائی اور بہن گرفتار

ممبئی: ایک سنسنی خیز واقعہ میں ممبئی پولیس نے آج الہاس نگر ٹاون پر دھاوا کیا اور 2 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ ان نوجوانوں نے مبینہ طور پر مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر دیویندرپھڈنویس کی بیوی امروتا پھڈنویس کو رشوت دینے اور دھمکانے کی کوشش کی تھی۔

متعلقہ خبریں
مہاوکاس اگھاڑی حکومت نے مجھے جیل میں ڈالنے کی 4مرتبہ سازش کی تھی: دیویندر پھڈنویس
اجیت پوار کی دیویندر پھڈنویس سے ملاقات
امیت شاہ کے ”تلوے چاٹنے“ کے ریمارک پر تنازعہ

امروتا پھڈنویس نے مالابار ہل پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی۔ مالابار ہل پولیس اسٹیشن کے عملہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو گرفتار کرلیا۔ اس کیس کے ایک اور ملزم اور دونوں کے والد انیل جئے سنگھا نی کو مفرور بتایا گیاہے۔

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی سے تعلق رکھنے والے قائد اپوزیشن اجیت پوار نے اسمبلی میں یہ معاملہ اٹھایا جبکہ ریاستی کانگریس صدر ناناپٹولے نے اسے ایک سنگین مسئلہ قرار دیا۔ پھڈنویس نے تیقن دیا کہ سارے معاملہ کی مکمل تحقیقات کرائی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ انہیں نشانہ بنانے اور ان کی شبیہ کو مسخ کرنے یہ ایک سیاسی سازش ہے۔ بعدازاں پھڈنویس نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ان کی بیوی امروتا کا تقریبا 16 مہینہ انیکشا سے رابطہ ہوا تھا۔ انیکشا کئی مرتبہ پھڈنویس کے گھر آئی تھی اور اس نے ان کا اعتماد جیت لیا تھا۔

اُس نے امروتا کو چند ڈیزائنر کپڑے اور زیوارات اور چند سامان دیئے تھے اس نے درخواست کی تھی کہ سوشل اور پبلک شوز میں انہیں فروغ دیا جائے تاکہ وہ اپنے خاندان کی مدد کرسکے۔

اعتماد حاصل کرنے کے بعد انیکشا نے امروتا کو ایک کروڑ روپے کی رشوت دینے کی کوشش کی تاکہ وہ ایک مجرمانہ کیس سے اس کے والد انیل جئے سنگھانی کو چھوڑادیں۔ لیکن جب امروتا نے اس کی بات نہیں مانی اور اس کا فون نمبر بلاک کردیا تو انیکشا نے دھمکیاں دینا اور بلیک میل کرنا شروع کردیا۔