دہلی

کجریوال کا ہٹلر سے تقابل، دہلی بی جے پی ترجمان کا پوسٹر

دہلی میں فضا کے ابتر ہوتے ہوئے معیار کے پیش نظر دہلی بی جے پی کے ترجمان تیجندر بگا نے چیف منسٹر اروند کجریوال کا ایک پوسٹر آویزاں کیا، جس میں ان کا تقابل نازی ڈکٹیٹر اڈولف ہٹلر کے ساتھ کیا گیا ہے۔

نئی دہلی: دہلی میں فضا کے ابتر ہوتے ہوئے معیار کے پیش نظر دہلی بی جے پی کے ترجمان تیجندر بگا نے چیف منسٹر اروند کجریوال کا ایک پوسٹر آویزاں کیا، جس میں ان کا تقابل نازی ڈکٹیٹر اڈولف ہٹلر کے ساتھ کیا گیا ہے۔

قومی دارالحکومت میں بی جے پی کے دفتر کے باہر آویزاں کیے گئے اس پوسٹر پر کہا گیا ہے کہ کجریوال دوسرے ہیں۔ ایک ایسا حکمراں جس نے سارے شہر کو گیس چیمبر میں تبدیل کردیا ہے۔ یہ میرا یا بی جے پی کا کہنا نہیں ہے، بلکہ سپریم کورٹ نے یہ بات کہی ہے۔ دہلی کا دم گھٹ رہا ہے اور چیف منسٹر انتخابی دورے پر ہیں۔

ہٹلر وہ پہلا شخص تھا جس نے گیس چیمبر بنائے تھے۔ اسی طرح کجریوال نے بھی دہلی کے عوام کو زہریلی ہوا میں رہنے کے لیے چھوڑ دیا ہے۔

پارٹی کے ایک ترجمان نے مزید کہا کہ کجریوال، پنجاب میں بائیو ڈی کمپوزر نصب کرنے میں ناکام رہے، جس کے بارے میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ پرالی کو 15 دن کے اندر فرٹیلائزر میں تبدیل کردے گا۔

بگا نے قومی دارالحکومت کی عام آدمی پارٹی زیرقیادت حکومت کو نشانہئ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ دہلی میں لوگ مر رہے ہیں اور اس کے چیف منسٹر دہلی میں نہیں ہیں۔

پنجاب میں پرالی جلائی جارہی ہے، لیکن چیف منسٹر اپنی ریاست میں نہیں ہیں۔ اس کے بجائے وہ لوگ ہماچل اور گجرات کے انتخابی دورے کررہے ہیں۔ وہ صرف اور صرف سیاست میں دلچسپی رکھتے ہیں۔