حیدرآباد

کے سی آر سے کسان تنظیموں کے لیڈروں کی ملاقات

آبپاشی کے شعبہ کی ترقی کا جائزہ لینے کے لیے 25 ریاستوں کے کسانوں کی تنظیموں کے نمائندوں نے آج تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراو کے کیمپ آفس پرگتی بھون پہنچ کران سے ملاقات کی۔

حیدرآباد: ملک کی26ریاستوں کے کسانوں کی تنظیموں کے لیڈروں نے کہا ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ریاستی حکومتوں سے مطالبہ کریں گے کہ وہ ان کی ریاست میں بھی حکومت تلنگانہ کی جانب سے متعارف کردہ زرعی ترقیاتی پالیسیوں کو نافذ کرے۔

ملک میں زرعی شعبہ کی صورتحال کے علاوہ تلنگانہ میں زراعت اور آبپاشی کے شعبہ کی ترقی کا جائزہ لینے کے لیے 25 ریاستوں کے کسانوں کی تنظیموں کے نمائندوں نے آج تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے کیمپ آفس پرگتی بھون پہنچ کران سے ملاقات کی۔

اس تفصیلی ملاقات کے دوران ریاست میں زرعی امورپر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلی نے ان کو ریاست میں شعبہ زراعت اور آبپاشی کی ترقی کی تفصیلات سے بھی واقف کروایا۔

اس موقع پر ان کسان لیڈروں نے زراعت، آبپاشی کے شعبے اور تلنگانہ کی ترقی پر ایک دستاویزی فلم کا بھی مشاہدہ کیا اور وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی زیرصدارت ہوئی کسان کانفرنس میں شرکت کی۔ وزیراعلی نے ان کے ساتھ دوپہر کا کھانا بھی کھایا۔

اترپردیش، ہماچل پردیش، تمل ناڈو، کرناٹک، پنجاب، جھارکھنڈ اور دیگر ریاستوں کے کسانوں نے سدی پیٹ ضلع کے ملناساگرپروجیکٹ کامعائنہ کیا۔

ریاست کے کالیشوروم پروجیکٹ کے تین روزہ دورہ کے حصہ کے طورپر ان کسانوں نے تلنگانہ کے زرعی شعبہ میں لائی گئی اصلاحات کامعائنہ کیا۔ان کسانوں نے زراعت کے شعبہ اور گھریلو مقاصد کے لئے پانی کی سپلائی کے مقصد کے ساتھ تعمیر کردہ کالیشورم پروجیکٹ کی ستائش کی۔