حیدرآباد

13خواتین سے شادیاں کرنے والا شخص گرفتار

ایک خاتون نے کہا کہ اس کی تعلیمی قابلیت اور اسناد سے قائل ہونے کے بعد میرے والدین نے میری شادی، بابو سے کردی۔ مجھے امریکہ لے جانے کے بہانے اُس نے میرے والدین سے25لاکھ روپے حاصل کئے۔

حیدرآباد: سائبر آباد پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے جس پر گذشتہ4برسوں کے دوران تلگو کی دونوں ریاستوں میں 13 خواتین سے شادیاں کرنے کا الزام ہے۔ ادپا شیوا شنکر بابو مبینہ طور پر مطلقہ خواتین سے شادی رچانے کے بعد بھاری رقومات اور دیگر قیمتی سامان کے ساتھ فرار ہوتے ہوئے انہیں دھوکہ دیتا تھا۔

35سالہ ملزم، آندھرا پردیش کے ضلع گنٹور کا متوطن بتایا گیا ہے۔ وہ مالدار مطلقہ خواتین کو نشانہ بناتا تھااور وہ میٹری مونی سائٹس پر شادی کے خواہاں ان مالدار خواتین کی تلاش کرتا رہتا تھا۔ بابو، طلاق کے فرضی کاغذات تیار کرتا اور ان کے ساتھ نئی زندگی گذار نے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ان خواتین کو دھوکہ د ے رہا تھا۔

گچی باؤلی پولیس نے ملزم ادپا شیوا شنکر بابو کو گرفتار کرلیا اس کے خلاف حیدرآباد، راچہ کنڈا، سنگاریڈی، گنٹور، وجئے واڑہ اور اننت پور میں کئی کیسس درج ہیں، ایک متاثرہ نے رامچندرا پورم پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی کہ شیوا شنکر بابو نے 25لاکھ روپے نقد7 لاکھ مالیتی سونے کے زیورات ان (خاتون) سے حاصل کرنے کے بعد دوبارہ واپس نہیں لوٹا یا ہے۔

شکایت کے اندراج کے ایک ہفتہ کے بعد یہ گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ متاثرہ کی شکایت پر ملزم کے خلاف دھوکہ دہی کا کیس درج کرلیا گیا ہے۔ متاثرہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ بابو،2021 میں ایک میٹری مونی سائٹ پر ان کے ربط میں آیا تھا۔

تب سائٹ پر اُس نے مجھے بتایا کہ  اس کے والدین، عرصہ قبل اس دنیا سے گذرچکے ہیں اور وہ، ایک مشہور فرم میں بحیثیت سافٹ ویئر انجینئر کام کررہا ہے۔ اُس نے اپنی ماہانہ تنخواہ2لاکھ روپے بتائی تھی۔ خاتون نے اسے بتایاتھا کہ وہ مطلقہ ہے اُس نے بھی مجھے یہ کہا تھا کہ اسے ایک موزوں بیوی کی تلاش ہے۔

خاتون نے کہا کہ اس کی تعلیمی قابلیت اور اسناد سے قائل ہونے کے بعد میرے والدین نے مری شادی، بابو سے کردی۔ مجھے امریکہ لے جانے کے بہانے اُس نے میرے والدین سے25لاکھ روپے حاصل کئے۔ بھاری رقم حاصل کرنے کے بعد وہ امریکہ جانے کے موڈ میں دکھائی نہیں دیا تب میرے والدین نے بابو پر رقم واپس کرنے پر دباؤ ڈالنا شروع کیا۔

 جس پر وہ مجھے اور میرے والدین کو نظر انداز کرنے لگا۔ آخر کار وہ رامچندرا پورم پولیس اسٹیشن سے رجوع ہونے پر مجبور ہوگئی۔ پولیس نے پوچھ تاچھ کیلئے شیوا شنکر بابو کو طلب کیا۔ خاتون کو اس وقت حیرت ہوئی جب اسے یہ معلوم ہوا کہ بابو  پہلے سے شادی شدہ ہے۔

ملزم نے ایک خاتون کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچا تھا جس نے اس کی ضمانت دی اور پولیس سے کہا کہ وہ، رقم واپس کردے گا۔ متاثرہ درخواست گذار نے رازدارانہ انداز میں دوسری خاتون سے ملاقات کی اور بابو کے بارے میں انکوائری کی جس میں پتہ چلا کہ بابو نے اسی کالونی میں رہنے والی ایک اور خاتون کے ساتھ شادی کی ہے۔

اوپا شیوا شنکر بابو یہ کہتے ہوئے دھوکہ دیتا تھا کہ وہ دن کی شفٹ اور رات کی شفٹ پر کام کے لئے جارہا ہے اس طرح وہ ہر ایک خاتون کے ساتھ وقت گذار تاتھا۔

 دونوں خواتین کی پریس کانفرنس کے بعد بابو نے اس پر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کردیا اور دعویٰ کیا کہ اُس نے کسی سے رقم نہیں لی ہے۔ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم نے حیدرآباد کی ایک خاتون کو 35لاکھ روپے کا چونا لگایا جو امریکہ میں رہتی ہے۔

a3w
a3w