حیدرآباد

17 ستمبر کو یوم تلنگانہ قومی یکجہتی منانے ریاستی کابینہ کا فیصلہ

ریاستی کابینہ کا اجلاس آج تقریباً 3 گھنٹے تک جاری رہا۔ اجلاس میں اس ماہ کی 16، 17 اور 18 تاریخ کو تلنگانہ بھر میں یوم قومی یکجہتی کا جشن منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انضمام حیدرآباد کی ڈائمنڈ جوبلی کا جشن تین دن تک منایا جائے گا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کابینہ نے ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ نے 17 ستمبر کو یوم تلنگانہ قومی یکجہتی کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ریاست حیدرآباد کو 17 ستمبر کے دن ہی پولیس ایکشن کے بعد انڈین یونین میں ضم کرلیا گیا تھا۔

ریاستی کابینہ کا اجلاس آج تقریباً 3 گھنٹے تک جاری رہا۔ اجلاس میں اس ماہ کی 16، 17 اور 18 تاریخ کو تلنگانہ بھر میں یوم قومی یکجہتی کا جشن منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انضمام حیدرآباد کی ڈائمنڈ جوبلی کا جشن تین دن تک منایا جائے گا۔ 

کابینی اجلاس میں منگل 6 ستمبر سے شروع ہونے والے اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے اور دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سے قبل اسمبلی کا بجٹ اجلاس 7 مارچ کو شروع ہوا تھا جو 15 مارچ تک جاری رہا۔

واضح رہے کہ بی جے پی، جو ہمیشہ یہ مطالبہ کرتی رہی ہے کہ ریاستی حکومت 17 ستمبر کو یوم انضمام کا سرکاری طور پر انعقاد کرتے ہوئے اسے یوم آزادی کے طور پر منائے، اس نے اب ایک قدم آگے بڑھ کر مرکزی حکومت کی سرپرستی میں خود تلنگانہ میں ایک سرکاری تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بی جے پی نے یوم انضمام حیدرآباد کے سلسلہ میں مسلسل ایک سال تک تقاریب منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جبکہ تلنگانہ حکومت نے اس انضمام کی ڈائمنڈ جوبلی منانے کا فیصلہ کیا ہے جسے یوم تلنگانہ قومی یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا۔