مذہب

دوسروں کی تعریف کریں

آپ کا دوست خوشنما لباس پہنے تو آپ اس کی تعریف کریں، خوش کن جملے استعمال کریں ۔ ’’ ماشاء اللہ! کیا خوبصورت ہے۔ آپ تو بالکل دولہے معلوم ہوتے ہیں۔‘‘

ڈاکٹر محمد بن عبدالرحمٰن العریفی

زندگی میں بے شمار کام ہم اپنے بجائے دوسرے لوگوں کے لئے کرتے ہیں۔ آپ دعوت ولیمہ پر مدعو ہیں تو خوبصورت ترین لباس زیب تن کرتے ہیں۔ آپ ایسا صرف اس لیے کرتے ہیں کہ لوگ آپ کی طرف متوجہ ہوں، آپ کو دیکھ کر پسندیدگی کا اظہار کریں۔ آپ یہ محسوس کرکے بہت خوش ہوتے ہیں کہ لوگوں کو آپ کی خوش لباسی یا خوش روئی پسند آئی ہے۔ آپ گھر کا مہمان خانہ دیگر کمروں سے بڑھ کر سجاتے ہیں، صرف اس لیے کہ لوگ یہاں آکر بیٹھیں گے اور کمرے کے محاسن دیکھ کر خوش ہوں گے۔ آپ اپنے دوستوں کو کھانے پر بلاتے ہیں تو آپ اور آپ کی بیگم معمول سے زیادہ اور متنوع کھانے بنانے کا اہتمام کرتے ہیں۔ ہم اس وقت خوشی سے پھولے نہیں سماتے جب کوئی ہمارے لباس اور گھر کی آرائش کی تعریف کرتا ہے۔

رسول اللہ ا نے فرمایا: ولیات الی الناس الذی یحب ان یاتو الیہ
’’ جو آدمی پسند کرتا ہے کہ لوگ اس سے ملنے آئیں، اسے چاہئے کہ وہ لوگوں سے ملنے آئے۔‘‘

آپ کا دوست خوشنما لباس پہنے تو آپ اس کی تعریف کریں، خوش کن جملے استعمال کریں ۔ ’’ ماشاء اللہ! کیا خوبصورت ہے۔ آپ تو بالکل دولہے معلوم ہوتے ہیں۔‘‘

ایک صاحب آپ سے ملنے آتے ہیں۔ ان کے کپڑوں سے مسحور کن خوشبو پھوٹ رہی ہوتی ہے۔ آپ ان کی تعریف کریں۔ انہوں نے آپ ہی کی خاطر خوشبو لگائی ہے۔ اچھے الفاظ میں خوشبو کی ستائش کریں۔ ’’ سبحان اللہ کیسی عمدہ خوشبو ہے۔ آپ کے ذوق کی داد دینی پڑے گی۔‘‘

کوئی صاحب آپ کو کھانے پر مدعو کرتے ہیں تو کھانے کی تعریف کریں۔ ان کے گھر والوں نے کھانا تیار کرنے میں اتنی تگ و دو کا مظاہرہ یقیناً آپ ہی کے لئے کیا ہے۔ انہیں محسوس ہو کہ آپ ان کے احسان مند ہوئے ہیں اور ان کی محنت رائیگاں نہیں گئی۔ آپ اپنے کسی دوست کے گھر جاتے ہیں۔ گھر کا آرائشی سامان آپ کو خوبصورت معلوم ہوتا ہے تو اس کی خوبصورتی اور گھر والوں کے اعلیٰ ذوق کی تعریف کریں۔ ( یاد رہے تعریف میں مبالغہ آرائی نہیں ہونی چاہئے تاکہ گھر والے اسے مذاق نہ سمجھیں) آپ بھری محفل میں شریک ہوتے ہیں اور ایک شخص کو حاضرین محفل سے رواں گفتگو کرتے دیکھتے ہیں۔ اس کی باتوں سے سب پر فسوں طاری ہے۔ آپ اس کی تعریف کریں۔ مجلس برخواست ہونے کے بعد اس سے کہیں: ’’ ماشاء اللہ آپ بہت عمدہ گفتگو کرتے ہیں۔ آپ کے آنے سے محفل کو چار چاند لگ گئے ہیں۔‘‘

تجربہ کرکے دیکھیں۔ وہ یقیناً آپ سے محبت کرنے لگے گا۔

آپ بیٹے کو باپ کا اکرام کرتے دیکھتے ہیں۔ وہ اپنے والد کے ہاتھ پر بوسہ دیتا ہے ۔ ان کے جوتے قریب کرتا ہے۔ آپ اس کی ستائش کریں۔

آپ بہن سے ملنے اس کے گھر گئے۔ آپ نے دیکھا کہ وہ اپنے بچوں کا خیال رکھتی ہے۔ اچھی زندگی گزار رہی ہے ۔ اس کی تعریف کریں۔

آپ محسوس کرتے ہیں کہ آپ کا دوست اپنی اولاد اور اہلیہ کا خیال رکھتا ہے، انہیں وقت دیتا ہے۔ مہمانوں کی غیر معمولی تکریم کرتا ہے۔ جرأت مند بنئے۔ اس کی تعریف کریں۔ اند ر چھپے پسندیدگی کے جذبات باہر نکالیں۔ آپ کسی کی گاڑی میں سفر کرتے ہیں یا کوئی ٹیکسی پکڑتے ہیں۔ آپ کو گاڑی کی صفائی ستھرائی متاثر کرتی ہے۔ ڈرائیور کی ڈرائیونگ سے آپ خوش ہوتے ہیں تو اس کی تعریف کریں۔

آپ کہیں گے کہ یہ سب تو معمولی باتیں ہیں۔ ٹھیک ہے یہ معمولی باتیں ہیں لیکن اثردار ہیں۔ میں نے خود اس مہارت کا ہر طرح کے لوگوں پر تجربہ کیا ہے۔ میں نے ان کے عجیب و غریب تاثرات دیکھے ہیں۔ خاص طور پر وہ الفاظ تو بہت اہم ہیں جن کے بارے میں لوگ انتظار کرتے ہیں کہ آپ کب انہیں منہ سے نکالیں گے۔ ایک دولھا جس سے آپ کی ملاقات شادی کے ایک ہفتہ بعد ہوتی ہے۔ ایک آدمی اعلیٰ تعلیمی ڈگری حاصل کرتا ہے۔ ایک شخص نیا گھر خریدتا ہے۔ یہ سب لوگ بلاشبہ انتظار میں ہیں کہ آپ ان کے لئے تعریفی کلمات کہیں، اس لیے ان کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں۔
٭٭٭

a3w
a3w