شٹل ٹرین میں دھماکہ‘24افراد جاں بحق
پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں اتوار کے دن جعفر اکسپریس کی شٹل کو نشانہ بنانے جو دھماکہ کیا گیا اس میں کم از کم 24 افراد جاں بحق اور 82 دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی۔
کراچی (آئی اے این ایس/ پی ٹی آئی) پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں اتوار کے دن جعفر اکسپریس کی شٹل کو نشانہ بنانے جو دھماکہ کیا گیا اس میں کم از کم 24 افراد جاں بحق اور 82 دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی۔
شٹل ٹرین سیکورٹی ملازمین کو عید کی تعطیلات کیلئے ان کے آبائی مقامات لے جارہی تھی۔ صبح 8.05بجے کے آس پاس کوئٹہ کنٹونمنٹ سے ٹرین کے روانہ ہوتے ہی دھماکہ ہوا۔ کئی ڈبے پٹریوں سے اتر گئے اور دو میں آگ لگ گئی۔ مرنے والوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔
57 زخمیوں کو ملٹری ہاسپٹل اور 25 کو سیول ہاسپٹل کوئٹہ لے جایا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ 70کلو گرام دھماکوں اشیاء کا استعمال ہوا۔ پی ٹی آئی کے بموجب پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں اتوار کے دن ایک شٹل ٹرین میں طاقتور دھماکہ میں کم از کم 20 افرادجاں بحق اور تقریباً70 زخمی ہوگئے۔
دھماکہ کوئٹہ میں چمن پھاٹک ریلوے اسٹیشن کے قریب ہوا۔ پاکستان کے وزیر ریلوے حنیف عباسی نے دھماکہ کی توثیق کی۔ انہوں نے کہا کہ شٹل ٹرین میں مسافرین سوار تھے اور دھماکہ کی زد میں انجن اور تین ڈبے آئے۔
ٹرین آج صبح دھماکہ کے وقت کوئٹہ کینٹ(کنٹونمنٹ) اسٹیشن سے سٹی ریلوے اسٹیشن جارہی تھی۔ پاکستانی ٹی وی چینلس اور ویب سائٹس نے خبردی ہے کہ کم از کم 20 افراد جاں بحق اور 70 زخمی ہوئے۔ ممنوعہ بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے دھماکہ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
بی ایل اے ترجمان کے دعویٰ کے بموجب حملہ اس لئے کیا گیا کہ ٹرین کوئٹہ کینٹ سے فوجیوں کو لے جارہی تھی۔ دھماکہ کی آواز اور شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریب میں موجود گاڑیوں اور عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشہ ٹوٹ گئے۔
ٹرین مسافرین کو سٹی ریلوے اسٹیشن لے جارہی تھی جہاں سے وہ دوسری گاڑیاں پکڑ کر عید کی چھٹیاں منانے اپنے آبائی مقامات کو جانے والے تھے۔ 24نومبر 2024ء کو کوئٹہ کینٹ اسٹیشن پر خودکش حملہ میں کم از کم 32 افراد جاں بحق اور دیگر کئی زخمی ہوئے تھے۔
جیونیوز نے اطلاع دی کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر جعفراکسپریس کو جو پشاور جارہی تھی بطور احتیاط روک لیا گیا۔ وزیر ریلوے حنیف عباسی نے دہشت گردی کی بزدلانہ حرکت قرار دیتے ہوئے حملہ کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے عسکریت پسندی کے خلاف ملک کا عہد کمزور نہیں ہوگا۔ انہوں نے دہشت گردوں کو انسانیت کے دشمن قرار دیا۔