دہلی

375 اشیاء اب ہوجائیں گی سستی، نوراتری کے پہلے دن سے جی ایس ٹی کی نئی شرحیں لاگو

آٹو موبائلس اور الکٹرانکس تا غذائی اشیاء اور ادویات 375اشیاء اور خدمات پیر کے دن سے سستی ہوجائیں گی کیونکہ نیا جی ایس ٹی فریم ورک لاگو ہورہا ہے۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) آٹو موبائلس اور الکٹرانکس تا غذائی اشیاء اور ادویات 375اشیاء اور خدمات پیر کے دن سے سستی ہوجائیں گی کیونکہ نیا جی ایس ٹی فریم ورک لاگو ہورہا ہے۔

جی ایس ٹی کونسل نے ٹیکس ڈھانچہ کو 4 سلابس سے گھٹاکر 5 فیصد اور 18 فیصد کے 2 سلابس تک محدود کردیا۔ 40 فیصد کی خصوصی شرح چنندہ لکژری اور ممنوعہ اشیاء پر لاگو ہوں گی۔ وزیر فینانس نرملا سیتارامن نے اس اصلاح کو صارفین کیلئے دیوالی کا تحفہ کہا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ اس سے متوسط طبقہ کیلئے نہ صرف دام گھٹیں گے بلکہ جی ایس ٹی کے تحت کاروبار بھی آسان ہوجائے گا۔ روز مرہ کی اشیاء جیسے دودھ، بسکٹس، بٹر، دالیں، ڈرائی فروٹس (خشک میوے)، فروٹ جوسس، گھی، آئسکریم، جام، کیچپ، نمکین، پنیر، پیسٹری، ساسس اور ناریل پانی پر اب کم جی ایس ٹی لگے گا۔

روزمرہ استعمال کی اشیاء جیسے شیمپو، صابن، ہیرآئیل، شیونگ کریم، ٹیلکم پاؤڈر اور فیس کریمس بھی سستی ہوجائیں گی۔ ایرکنڈیشنرس، واشنگ مشینس، ٹی وی سیٹس اور ڈش واشرس جیسی الکٹرانک اشیاء مہنگی ہوجائیں گی۔ کئی دواؤں اور طبی آلات پر جی ایس ٹی کو ہٹاکر 5 فیصد کردیا گیا ہے۔ حکومت نے فارماکمپنیوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی ایم آر پی پر نظرثانی کریں اور جی ایس ٹی میں کمی کا فائدہ صارفین کو دیں۔

خدمات کے شعبہ میں جی ایس ٹی ہیرڈریسنگ سیلون، حجاموں، جم، فٹنس سنٹرس اور یوگاسرویسس پر گھٹادیا گیا ہے۔ مکان خریدنے والوں کے لئے سیمنٹ پر ٹیکس 28 فیصد سے گھٹ کر18 فیصد ہوگیا ہے۔ بڑی برانڈس نے فوائد صارفین تک پہنچانا شروع کردیا ہے۔ ہندوستان لیور نے اپنے کئی پروڈکٹس جیسے ڈوشیمپو، لائف بوائے صابن، ہار لیکس اور کسان جام کے دام گھٹادئے ہیں۔

بڑی ڈیری کمپنی امول نے 700 پروڈکٹس بشمول بٹر، گھی، پنیر، آئسکریم اور بیکری آئٹمس کی قیمتیں کم کردی ہیں۔ انڈین ریلویز نے بھی ریل نیر پانی کی بوتل کی قیمت 15 روپے سے گھٹاکر 14 روپے کردی ہے۔ آٹو موبائل شعبہ کو بھی بڑا فائدہ پہنچا ہے۔ چھوٹی ہیچ بیک کاروں پر ٹیکس 28 فیصد سے گھٹ کر 18 فیصد ہوگیا ہے۔

ماروتی سوزوکی اور ٹاٹا موٹرس جیسی کمپنیوں نے اپنی مشہور ہیچ بیک گاڑیوں کی قیمتوں میں 22 ستمبر سے 70 ہزار تا ایک لاکھ 30 ہزار روپے گھٹادینے کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے بموجب باورچی خانہ میں استعمال ہونے والی اشیاء سے لے کر الکٹرانکس، دواؤں اور آٹو موبائل آلات کے دام پیر سے گھٹ جائیں گے کیونکہ تقریباً 375 اشیاء پر جی ایس ٹی کی شرحیں گھٹ گئی ہیں۔

22 ستمبر نوراتری کا پہلا دن ہے۔ کئی ایف ایم سی جی کمپنیاں پہلے ہی اپنے دام گھٹا چکی ہیں۔ گلوکومیٹر اور ڈیاگناسٹک کٹس پر جی ایس ٹی گھٹ کر 5 فیصد ہوگیا ہے۔ عام آدمی کیلئے دواؤں کے دام گھٹ جائیں گے۔

گھر خریدنے والوں کو بھی فائدہ ہوگا۔ آفٹرشیولوشن بھی سستا ہوجائے گا۔ پیر کے دن سے جی ایس ٹی کی صرف 2 شرحیں 5 اور 18 فیصد ہوں گی۔ الٹرالکژری اشیاء اور تمباکو کی اشیاء پر 40 فیصد کا بھاری جی ایس ٹی لگے گا۔