عادل آباد RIMS میں اے سی پھٹنے سے 5 روزہ شیر خوار جاں بحق، 24 بچوں کی حالت تشویشناک
تلنگانہ کے عادل آباد ضلع مرکز میں واقع RIMS اسپتال کے بچوں کے وارڈ میں پیر کی نصف شب شارٹ سرکٹ کے باعث اے سی یونٹ میں دھماکہ ہونے سے ایک 5 روزہ شیر خوار بچہ جاں بحق ہوگیا، جبکہ دیگر 24 بچوں کو احتیاطی طور پر قریبی خانگی اسپتالوں منتقل کیا گیا۔
عادل آباد: تلنگانہ کے عادل آباد ضلع مرکز میں واقع RIMS اسپتال کے بچوں کے وارڈ میں پیر کی نصف شب شارٹ سرکٹ کے باعث اے سی یونٹ میں دھماکہ ہونے سے ایک 5 روزہ شیر خوار بچہ جاں بحق ہوگیا، جبکہ دیگر 24 بچوں کو احتیاطی طور پر قریبی خانگی اسپتالوں منتقل کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق RIMS کے اسپیشل نیوبورن کیئر یونٹ (SNCU) میں نصف شب کے وقت شارٹ سرکٹ کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد اے سی یونٹ میں دھماکہ ہوا اور وارڈ میں دھواں بھر گیا۔ اچانک دھواں پھیلنے سے بچوں کے والدین میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ اپنے بچوں کو لے کر وارڈ سے باہر نکلنے لگے۔
اس واقعے میں ایک 5 روزہ شیر خوار بچے کی موت ہوگئی۔ دیگر 24 بچوں کو فوری طور پر قریبی خانگی اسپتالوں منتقل کیا گیا، جن میں سے تین بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
واقعے کے فوراً بعد اسپتال کے عملے نے بجلی کی سربراہی منقطع کردی اور بچوں کو قریبی وارڈ منتقل کیا۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے عملے نے بھی موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں انجام دیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر عادل آباد کلکٹر راجارشی شاہ اور سابق رکن اسمبلی جوگو رامنا RIMS اسپتال پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
شارٹ سرکٹ کی اصل وجہ اور شیر خوار بچے کی موت کے مکمل حالات کے بارے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔