شمالی بھارت

یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر 15 عہدیدار معطل

لکھنؤ کی ایک ہوٹل میں آتشزدگی کے سبب چار افراد کی ہلاکت کے سانحہ کے نتیجہ میں چیف منسٹر اتر پردیش یوگی آدتیہ کے حکم پر فرائض کی انجام دہی میں تساہل کیلئے 5 محکموں کے جملہ 15 عہدیداروں کو معطل کیا گیا۔

لکھنؤ: لکھنؤ کی ایک ہوٹل میں آتشزدگی کے سبب چار افراد کی ہلاکت کے سانحہ کے نتیجہ میں چیف منسٹر اتر پردیش یوگی آدتیہ کے حکم پر فرائض کی انجام دہی میں تساہل کیلئے 5 محکموں کے جملہ 15 عہدیداروں کو معطل کیا گیا۔

وظیفہ پر سبکدوش چار عہدیداروں کے خلاف بھی تساہل اور بدعنوانی کے لئے کارروائی شروع کی جائے گی۔لکھنؤ پولیس کمشنر ایس ڈی شیرا ڈکر اور کمشنر لکھنؤ ڈیویژن روشن جیکب پر مشتمل دو رکنی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ پر یہ کارروائی شروع کی گئی۔

یہ اطلاع دیتے ہوئے ریاستی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ آتشزدگی حادثہ سے متعلق دو رکنی تحقیقاتی کمیٹی کی انکوائری رپورٹ دستیاب ہونے کے بعد چیف منسٹر نے یہ ہدایت جاری کی۔

لکھنؤ میں واقع ہوٹل لیوانا میں آتشزدگی حادثہ میں بادی النظر میں تساہل اور بے قاعدگی کے مرتکب پائے جانے والے عہدیداروں کے خلاف چیف منسٹر اتر پردیش نے سخت کارروائی کا حکم جاری کیا ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ چیف منسٹر کی ہدایت کے مطابق محکمہ جات داخلہ‘ برقی‘ محکمہ تقررات‘ لکھنؤ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور محکمہ اکسائز کے عہدیداروں کو معطل کیا گیا ہے۔متعلقہ محکموں کے قواعد کے مطابق ریٹائرڈ عہدیداروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔