حیدرآباد

انڈیگو کی پرواز میں ہلچل مچ گئی جب ایک مسافر نے ایمرجنسی ایگزٹ کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی۔

بعد ازاں مسافر کو طیارے سے اتار کر راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پولیس کے حوالے کردیا گیا

حیدرآباد :   جمعہ کی علی الصبح شمس آباد ہوائی اڈے پر حیدرآباد سے کڑپہ جانے والی انڈیگو کی ایک پرواز میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک مسافر نے مبینہ طور پر طیارے کے اڑان بھرنے کے لیے رن وے کی جانب بڑھنے کے دوران ہنگامی دروازہ کھولنے کی کوشش کی۔

چوکنا کیبن عملہ فوری طور پر حرکت میں آیا اور مسافر کو قابو میں کرلیا، جس سے کسی ناخوشگوار واقعے کو ہونے سے روک لیا گیا۔

بعد ازاں مسافر کو طیارے سے اتار کر راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ بعض رپورٹس کے مطابق پولیس نے معاملے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

تاہم ایک تازہ پولیس رپورٹ کے مطابق، مسافر کی عمر 35 سال بتائی گئی ہے اور اس نے دورانِ تفتیش دعویٰ کیا کہ سیٹ ایڈجسٹ کرتے وقت اس کا ہاتھ غلطی سے ایمرجنسی ایگزٹ ہینڈل سے ٹکرا گیا، جس سے سینسر الارم فعال ہوگیا۔ پولیس کے مطابق اسے بعد میں ایک تحریری وضاحت لینے کے بعد چھوڑ دیا گیا.

۔