حزب اللہ کی رضوان فورس کے ایک اہم کمانڈر کو ہدف بنا کر ہلاک کر دیا گیا : نیتن یاہو
بینجمن نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کی فوج نے حزب اللہ کی رضوان فورس کے ایک اہم کمانڈر کو ہدف بنا کر ہلاک کر دیا ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم نے بدھ کے روز بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج نے بیروت کے مضافاتی علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے رضوان فورس کے آپریشنل کمانڈر کو نشانہ بنایا۔
بیروت: بینجمن نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کی فوج نے حزب اللہ کی رضوان فورس کے ایک اہم کمانڈر کو ہدف بنا کر ہلاک کر دیا ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم نے بدھ کے روز بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج نے بیروت کے مضافاتی علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے رضوان فورس کے آپریشنل کمانڈر کو نشانہ بنایا۔
حزب اللہ کے قریبی ذرائع نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ مارے جانے والے کمانڈر کی شناخت مالک بلوط کے نام سے ہوئی ہے، تاہم حزب اللہ کی جانب سے فوری طور پر باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے بیروت کے قریب حزب اللہ کے مضبوط گڑھ پر حملہ کیا، جس کے بعد علاقے سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔
رپورٹس کے مطابق حالیہ مہینوں میں لبنان میں جاری کشیدگی کے دوران یہ حزب اللہ کی کسی اہم شخصیت کو نشانہ بنانے کا بڑا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ حملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ممکنہ امن معاہدے کے لیے مثبت بیان دیا تھا۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان 17 اپریل کو جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود سرحدی علاقوں اور بیروت کے مضافات میں کشیدگی اور حملوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔