نابالغ طالبعلم نے اسکول پرنسپل کو گولی مار کر قتل کردیا
ابتدائی تفتیش کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ طالب علم نے یہ واردات دیسی ساختہ پستول سے انجام دی ہے۔ وہ اسکول میں واردات کو انجام دینے کے بعد دو پہیہ گاڑی پر فرار ہوگیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس سپرنٹنڈنٹ اگم جین اور دیگر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ کچھ دیر بعد ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
چھترپور: مدھیہ پردیش میں ضلع چھتر پور کے دھامورہ علاقہ کے ایک سرکاری اسکول میں تعینات پرنسپل کو آج ایک طالب علم نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ اس سنسنی خیز واردات کا ملزم نابالغ طالب علم بتایا جاتا ہے، جو واردات کے بعد فرار ہوگیا، تاہم کچھ دیر بعد پولس نے اسے گرفتار کرلیا۔
پولس ذرائع کے مطابق دھامورہ کے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول کے پرنسپل ایس کے سکسینہ کو دن کے وقت اسکول میں ہی گولی مار کر قتل کردیا گیا۔ ان کی لاش بیت الخلا میں پائی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اسی اسکول کے 12ویں جماعت کے طالب علم نے کسی بات پر انہيں گولی مار دی۔ اسے ٹوائلٹ سے باہر آتے ہوئے دیکھا گیا جہاں سے پرنسپل کی لاش ملی۔
ابتدائی تفتیش کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ طالب علم نے یہ واردات دیسی ساختہ پستول سے انجام دی ہے۔ وہ اسکول میں واردات کو انجام دینے کے بعد دو پہیہ گاڑی پر فرار ہوگیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس سپرنٹنڈنٹ اگم جین اور دیگر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ کچھ دیر بعد ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملزم طالب علم اکثر اسکول میں بدتمیزی کرتا تھا اور اس کے لیے اسے سرزنش بھی کی جاتی تھی۔ شبہ ہے کہ اسی وجہ سے اس نے یہ واردات کی ہے۔ تاہم معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے اور ملزم سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔