حیدرآباد

نارائنا ہائی اسکول شاہ علی بنڈہ میں طالبات کو زبردستی ABVP کی ممبرشپ سلپس تقسیم

میر ذو الفقار علی کے ہمراہ مختار احمد خان اور عرفان احمد خان بھی موجود تھے۔ وفد نے اسکول انتظامیہ سے ملاقات کرکے واقعے کی تفصیلات حاصل کیں اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

حیدرآباد: شاہ علی بنڈہ میں واقع نارائن ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج میں طالبات کے درمیان مبینہ طور پر اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (ABVP) کی رکنیت سازی کی سلپس تقسیم کیے جانے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد چارمینار کے رکن اسمبلی میر ذو الفقار علی نے اسکول کا دورہ کیا۔

میر ذو الفقار علی کے ہمراہ مختار احمد خان اور عرفان احمد خان بھی موجود تھے۔ وفد نے اسکول انتظامیہ سے ملاقات کرکے واقعے کی تفصیلات حاصل کیں اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر ذو الفقار علی نے بتایا کہ اسکول کے پرنسپل اور انتظامیہ کے مطابق اے بی وی پی سے وابستہ چند افراد مبینہ طور پر بغیر اجازت اسکول میں داخل ہوئے اور طلبہ و طالبات کے درمیان رکنیت سازی کی سلپس تقسیم کیں۔

انہوں نے کہا کہ اسکول انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ اس سرگرمی کے بارے میں نہ تو انہیں پہلے سے کوئی اطلاع دی گئی تھی اور نہ ہی اسکول کی جانب سے کسی قسم کی اجازت دی گئی تھی۔

رکن اسمبلی نے مزید بتایا کہ معاملے کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے رکنیت سازی کی سلپس اپنی تحویل میں لے کر واقعے کی باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

اسکول انتظامیہ نے بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ مستقبل میں اس نوعیت کے کسی بھی واقعے کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے جائیں گے اور طلبہ و طالبات کے لیے محفوظ اور پُرامن تعلیمی ماحول کو یقینی بنایا جائے گا۔

فی الحال پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے، جبکہ اس معاملے پر مزید پیش رفت کا انتظار کیا جا رہا ہے۔