اے سی پی ٹریفک مدھو سدھن راؤ نے سی پی آر کے ذریعہ ایک شخص کی جان بچالی، ویڈیو وائرل
بروقت سی پی آر کے نتیجہ میں اس شخص کی حالت سنبھلنے لگی تب تک ایمبولینس کو طلب کرلیا گیا تھا۔ جیسے ہی ایمبولینس وہاں پہنچی، اس شخص کو مزید علاج کے لئے گاندھی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

حیدرآباد: حیدرآباد ٹریفک پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے آج بروقت کارڈیو پلمونری ریسیسیٹیشن (سی پی آر) کرکے بیگم پیٹ میں ایک شخص کی جان بچالی جو دل کا دورہ پڑنے کے بعد سڑک پر گر گیا تھا۔
اے سی پی (نارتھ) پی مدھوسدھن راؤ بیگم پیٹ میں تھے، جب انہوں نے دیکھا کہ حیدرآباد پبلک اسکول کے قریب سڑک کے کنارے ایک شخص گر گیا ہے۔
وہ فوری اس شخص کی مدد کے لئے بھاگے اور دیکھا کہ اس شخص کی سانس پھول رہی ہے۔ انہوں نے فوری طور پر اس پر سی پی آر شروع کردیا۔
بروقت سی پی آر کے نتیجہ میں اس شخص کی حالت سنبھلنے لگی تب تک ایمبولینس کو طلب کرلیا گیا تھا۔ جیسے ہی ایمبولینس وہاں پہنچی، اس شخص کو مزید علاج کے لئے گاندھی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
مقامی لوگوں نے جنہوں نے اے سی پی (نارتھ) پی مدھو سدھن راؤ کو اس شخص کی جان بچانے کی کوشش کرتے دیکھا، ان کی دل کھول کر ستائش کی۔
اب اس شخص کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔ اسی دوران ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے اس واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے ایک ٹویٹ کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ سی پی آر کا طریقہ سیکھیں، تاکہ اچانک دل کا دورہ پڑنے کی صورت میں متاثرہ شخص کی جان بچائی جاسکے۔