سیاست

اے آئی ایم آئی ایم کے اہم ترجمان سید عاصم وقار کانگریس میں شامل

کانگریس کے اتر پردیش کے انچارج راجندر پال گوتم، پردیش کانگریس صدر اجے رائے اور کانگریس اقلیتی شعبہ کے سربراہ عمران پرتاپ گڑھی کی موجودگی میں مسٹر وقار نے کانگریس کی رکنیت حاصل کی

نئی دہلی : آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے اہم ترجمان سید عاصم وقار بدھ کو کانگریس کے نظریہ سے متاثر ہو کر پارٹی میں شامل ہو گئے۔

کانگریس کے اتر پردیش کے انچارج راجندر پال گوتم، پردیش کانگریس صدر اجے رائے اور کانگریس اقلیتی شعبہ کے سربراہ عمران پرتاپ گڑھی کی موجودگی میں مسٹر وقار نے کانگریس کی رکنیت حاصل کی۔ پارٹی رہنماؤں نے یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں پٹکا پہنا کر انہیں پارٹی میں شامل کیا۔

مسٹر گوتم نے پارٹی میں ان کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کی قیادت میں پورے ملک میں تعلیم، روزگار، طلبہ، خواتین اور محروم طبقوں کے مسائل پر تحریک چل رہی ہے اور وہ مضبوطی کے ساتھ ہر طبقہ کی آواز اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر گاندھی حکومت کو ہر محاذ پر مسلسل آگاہ کر رہے ہیں اور کانگریس کی اسی جدوجہد سے متاثر ہو کر مختلف سیاسی جماعتوں کے سینئر رہنما پارٹی سے جڑ رہے ہیں اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور مسٹر گاندھی کے ہاتھ مضبوط کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا، "ہندوستان پہلے ہے اور ہندوستان سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔ ہندوستان بچے گا تبھی طلبہ، تعلیم، روزگار اور عام لوگوں سے جڑے مسائل پر کام ہوگا۔” مسٹر پرتاپ گڑھی نے ان کا کانگریس میں استقبال کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر گاندھی کی ‘محبت کی دکان’ کے کارواں میں ایک اور ساتھی کے جڑنے سے پارٹی کا پریوار اور مضبوط ہوا ہے۔