حیدرآباد

امیت شاہ جھوٹوں کے بادشاہ: کویتا

کویتا نے کہاہ بی آر ایس پر خاندانی حکومت کا الزام لگا رہے ہیں۔ مگر وہ قائدین یہ بھول رہے ہیں کہ ہماری چار افراد پر مشتمل حکومت نہیں ہے بلکہ چار کروڑ عوام کی حکومت ہے۔

حیدرآباد: بی آر ایس رکن کونسل کے کویتا نے مرکزی وزیر داخلہ وسینئر بی جے پی قائد امیت شاہ کو جھوٹوں کا بادشاہ قرار دیا۔ آج یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ امیت شاہ کی ہر بات جھوٹ پر مبنی ہے، عوام سے فریب کرنا ان کی عادت ہے۔

متعلقہ خبریں
مغل پورہ پولیس، امیت شاہ کے خلاف درج کیس سے دستبردار
مثالی پڑوس، مثالی معاشرہ جماعت اسلامی ہند، راجندر نگر کا حقوق ہمسایہ ایکسپو
بی جے پی قائد رکن سنٹرل وقف کونسل حنیف علی کا انتقال
گچی باؤلی میں حائیڈرا کا بڑا ایکشن، غیرقانونی تعمیرات کا صفایا، ہائی کورٹ کے احکامات پر فوری کارروائی
کانگریس اور بی آر ایس میں خفیہ مفاہمت:امیت شاہ

 انہوں نے کہا کہ امیت شاہ نے کورٹلہ آکر بندشوگر فیاکٹری کو دوبارہ کارکردبنانے کا وعدہ کیا مگر وہ تقریر کی روانی میں یہ بھول گئے کہ ملک کی بڑی بڑی کمپنیوں کو بند کرنے کی ذمہ دار خود بی جے پی ہے۔ ائیر انڈیا جیسے پروقار بڑے ادارے کو بی جے پی نے ہی تباہ و برباد کیا ہے۔

بودھن میں نظام شوگر فیاکٹری بھی بی جے پی رکن پارلیمنٹ گوکہ راجو گنگا راجو کی وجہ سے بند کردی گئی۔ اس شخص نے فیاکٹری کے خلاف مختلف عدالتوں میں مقدمات دائر کرتے ہوئے رکاوٹیں کھڑا کی تھیں۔

 کویتا نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام کو گمراہ کرنے کے لئے وزیر اعظم مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ، صدر بی جے پی نڈا، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، چیف منسٹر اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ، کانگریس قائدین راہول گاندھی، پرینکا گاندھی، پون کھیڑا، جئے رام رمیش، منیش تیواری ریاست میں منڈلاتے پھر رہے ہیں۔

بی آر ایس پر خاندانی حکومت کا الزام لگا رہے ہیں۔ مگر وہ قائدین یہ بھول رہے ہیں کہ ہماری چار افراد پر مشتمل حکومت نہیں ہے بلکہ چار کروڑ عوام کی حکومت ہے۔ اب یہ قائدین تلنگانہ عوام اور بی آرایس خاندان میں اختلافات پھیلانا چاہتے ہیں جو کبھی ممکن نہیں ہوگا۔

 کویتا نے کہا کہ کانگریس دور میں ہمیشہ لڑائی جھگڑے فسادات عام بات تھی۔ مگر کے سی آر کے دس سالہ دور حکومت میں فسادات قصہ ماضی بن کررہ گئے ہیں۔ کے سی آر نے اپنی ساری توجہ ریاست اور عوام کی ترقی اور خوشحالی پر مرکوز کررکھی ہے۔

کویتا نے عوام سے کانگریس اور بی جے پی کی باتوں میں نہ آنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ان جماعتوں کا مقصد ترقی کی سمت گامزن تلنگانہ کو دوبارہ پسماندگی کی طرف ڈھکیل دینا ہے۔ ان کو تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی خوشحالی وسکون ہضم نہیں ہورہا ہے۔ کویتا نے عوام سے بی آر ایس کے منشور پر غور کرتے ہوئے اپنے روشن مستقبل کیلئے بی آر ایس کا ساتھ دینے کی اپیل کی۔