شادی سے ایک گھنٹہ پہلے ساڑی اور پیسوں کا جھگڑا، دلہے نے دلہن کو مارڈالا
یہ افسوسناک واقعہ پربھوداس لیک کے قریب تیکری چوک کے علاقے میں پیش آیا جہاں ساجن برائیا اور سونی ہمت راٹھوڑ کے درمیان ساڑی اور پیسوں کے معاملے پر جھگڑا ہوا۔
احمدنگر: گجرات کے بھاونگر شہر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں شادی سے صرف ایک گھنٹہ قبل ایک نوجوان خاتون کو اس کے منگیتر نے لرزہ خیز طریقے سے قتل کر دیا۔
یہ افسوسناک واقعہ پربھوداس لیک کے قریب تیکری چوک کے علاقے میں پیش آیا جہاں ساجن برائیا اور سونی ہمت راٹھوڑ کے درمیان ساڑی اور پیسوں کے معاملے پر جھگڑا ہوا۔
دونوں گزشتہ ڈیڑھ سال سے ایک ساتھ رہ رہے تھے، منگنی ہو چکی تھی اور تقریباً تمام رسومات بھی مکمل ہو چکی تھیں، جبکہ شادی اسی رات طے تھی۔ جھگڑا بڑھنے پر ساجن نے مشتعل ہو کر لوہے کی پائپ سے سونی پر حملہ کر دیا اور اس کا سر دیوار سے مار کر موقع پر ہی قتل کر دیا۔
واردات کے بعد ملزم نے گھر میں توڑ پھوڑ بھی کی اور فرار ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے۔ ڈی ایس پی آر آر سنگھل کے مطابق دونوں خاندانوں کی مخالفت کے باوجود یہ جوڑا کافی عرصے سے ساتھ رہ رہا تھا اور شادی کی تیاری بھی پوری تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے حملے کے فوراً بعد گھر چھوڑ دیا جبکہ لڑکی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہے اور معاملے کی تفصیلی تحقیقات جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق واقعے سے کچھ دیر پہلے ساجن کا ایک پڑوسی سے بھی جھگڑا ہوا تھا جس پر الگ شکایت درج کی گئی تھی۔ قتل کے اس معاملے میں بھی باقاعدہ ایف آئی آر درج کرکے ملزم کی تلاش جاری ہے۔