آسٹریلیا کے ایک اور ہندو مندر میں توڑپھوڑ
ہندو کونسل آف آسٹریلیا وکٹوریہ چیاپٹر کے صدر مرکنڈ بھاگوت نے کہا کہ میں آپ کو بتانہیں سکتا کہ خالصتانی پروپگنڈہ کے لئے دوسرے ہندو مندر میں توڑپھوڑ سے میں کتنا دکھی ہوں۔

ملبورن: آسٹریلیا میں دوسرے ہندو مندر میں توڑپھوڑ ہوئی ہے۔ اس کی دیواروں پر ہندوستان کے خلاف نعرے لکھے گئے ہیں۔ ہندوستانی برادری صدمہ میں ہے۔ منگل کے دن میڈیا رپورٹ میں یہ بات کہی گئی۔
تاریخی شیوا وشنو مندر کیرم ڈاؤنس وکٹوریہ میں توڑپھوڑ مل پارک کے بی اے پی ایس سوامی نارائن مندر میں مخالف ہند حامیوں کی توڑپھوڑ کے چند دن بعد ہوئی ہے۔
آسٹریلیا ٹوڈے نے یہ اطلاع دی۔ ایک ہندو بھکت اوشا سینتھل ناتھن نے کہا کہ میں وزیراعظم وکٹوریہ ڈان اینڈریوز اور وکٹوریہ پولیس سے گزارش کرتی ہوں کہ وہ وکٹوریہ کی ہندو برادری کو ڈرانے کی کوشش کرنے والے ان غنڈوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔
اوشا نے دیگر بھکتوں کے ساتھ دیکھا کہ مندر کی دیوار پر ”ٹارگیٹ مودی“ لکھا ہے۔ یہ لوگ پونگل تہوار منانے مندر آئے تھے۔ ہندو کونسل آف آسٹریلیا وکٹوریہ چیاپٹر کے صدر مرکنڈ بھاگوت نے کہا کہ میں آپ کو بتانہیں سکتا کہ خالصتانی پروپگنڈہ کے لئے دوسرے ہندو مندر میں توڑپھوڑ سے میں کتنا دکھی ہوں۔
12 جنوری کو بی اے پی ایس سوامی نارائن مندر کی دیواروں پر ہندوستان مردہ باد کے نعرے لکھے گئے تھے۔ سکھوں کے لئے خالصتان بنانے کے حامی ہندوستانی دہشت گرد جرنیل سنگھ بھنڈران والے کو شہید لکھا گیا تھا۔ وکٹوریہ پولیس نے آسٹریلیا ٹوڈے سے توثیق کی کہ بی اے پی ایس سوامی نارائن مندر میں توڑپھوڑ کی تحقیقات جاری ہیں۔