بشیر احمد وار: کشمیر میں کیوی پھل کا پہلا باغ تیار کرنے والا کسان
شمالی کشمیر کے اپیل ٹاؤن سے مشہور قصبہ سوپور میں ایک کسان نے پانچ کنال اراضی پر محیط کیوی پھل کا باغ تیار کیا ہے اور امسال پھل کی پہلی فصل بازار میں آنے کی توقع ہے۔

سری نگر: وادی کشمیر میں جہاں ایک طرف سیب کے باغات کے رقبے میں ہر گذرتے برس کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے وہیں وادی کے کسان مختلف قسم کے نئے پھل کے باغات بھی تیار کر رہے ہیں۔
شمالی کشمیر کے اپیل ٹاؤن سے مشہور قصبہ سوپور میں ایک کسان نے پانچ کنال اراضی پر محیط کیوی پھل کا باغ تیار کیا ہے اور امسال پھل کی پہلی فصل بازار میں آنے کی توقع ہے۔
سوپور سے چھ کلو میٹر دوری پر واقع وار پورہ گاؤں سے تعلق رکھنے والے63 سالہ بشیر احمد وار نے یو این آئی کو بتایا کہ امسال کیوی کی غیر معمولی پیدوار ہونے کی توقع ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ اس سال 25 سے 30 ٹن پیداوار ہوگی۔
انہوں نے کہا: ’میں اس باغ کو گذشتہ تین برسوں سے تیار کر رہا ہوں اور امسال پہلی فصل تیار ہوگی جو پچیس سے تیس ٹن ہونے کی توقع ہے‘۔
ان کا کہنا تھا: ’میں کیوی پھل کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتا تھا مھجے معلوم ہوا کہ یہ پھل نیوزی لینڈ میں اگایا جاتا ہے۔
موصوف کسان نے کہا کہ بعد میں میری اس پھل میں دلچپسی بڑھنے لگی اور میں نے انٹرنیٹ کی وساطت سے اس کے متعلق جانکاری حاصل کرنا شروع کی۔
انہوں نے کہا: ’میں دوبئی میں تھا جہاں میں نے لوگوں کی بڑی تعداد کو یہ پھل خریدتے ہوئے دیکھا تو میں نے سوچا کیوں نہ میں بھی اس پھل کا باغ تیار کروں۔