دہلی

مولانا خالد سیف اللہ رحمانی مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر منتخب

فقیہ العصر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی موجودہ جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کو پانچویں صدر کی حیثیت سے منتخب کرلیا گیا ہے جب کہ مولانا فضل الرحیم مجددی کو بورڈ کا جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا ہے۔

حیدرآباد: فقیہ العصر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی موجودہ جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کو پانچویں صدر کی حیثیت سے منتخب کرلیا گیا ہے جب کہ مولانا فضل الرحیم مجددی کو بورڈ کا جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا ہے۔

مولانا سید رابع حسنی ندوی کے انتقال کے باعث یہ نشست مخلوعہ ہوگئی تھی۔ اس خصوص میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا 28واں اجلاس اندور مدھیہ پردیش کے جامعہ اسلامیہ مہو بنجاری میں منعقد ہوا تھا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق آج کے اجلاس کی پہلی نشست سکریٹری بورڈ مولانا عتیق بستوی کی صدارت میں بعد نماز عصر شروع ہوئی‘پہلی نشست خطبہ استقبالیہ سمیت تجاویز، تعزیت، بورڈ کی سابقہ کارروائی کی تصدیق اور اڈیشہ ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

بعد نماز مغرب دوسری نشست کا آغاز ہوا، جس کی صدارت مفتی ایولہ نے کی اس اجلاس میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے رپورٹ پیش کی۔ مولانا رابع حسنی ندویؒ (سابق صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) کے سانحہ ارتحال کے باعث مخلوعہ عہدہ کو پر کرنے بورڈ کے نئے صدر کا انتخاب عمل میں آیا۔

بورڈ کے ذرائع کے مطابق‘ بورڈ کی صدارت کے لئے مولانا محمد سفیان قاسمی مہتمم دارالعلوم موقف دیوبند) جانب سے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کا نام پیش کیا گیا ہے، جس کی تمام تنظیمیں بشمول جمعیۃ علماء ہند، جماعت اسلامی، جمعیۃ اہل حدیث کے نمائندوں کے علاوہ مولانا توقیر رضا خان، مولانا محمود مدنی، مولانا سفیان قاسمی، مولانا شہد حسنی سمیت تقریباً 25 سے زائد افراد نے تائید وحمایت کی۔

مولانا محمود احمد خاں دریابادی، مولانا سجاد نعمانی، ڈاکٹر ظہیر قاضی وغیرہ نے بھی تائید کی۔ اس تائید وحمایت کے بعد اتفاق رائے سے عاملہ کے اراکین نے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو بورڈ کا پانچواں صدر منتخب کرلیا۔

اجلاس میں مولانا فضل رحیم مجددی، مولانا سفیان قاسمی، امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی، نظام الدین فخرالدین پونہ، ممبر پارلیمنٹ اسدالدین اویسی، ڈاکٹر ظہیر قاضی، ڈاکٹرر ضی الاسلام ندوی، مولانا شاہد حسنی، مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی، مولانا محمود مدنی، مولانا محمود احمد خاں دریابادی، عمرین محفوظ رحمانی، مولانا نعیم رحمانی سمیت دیگر عاملہ اراکین ومدعوئین موجود تھے۔

مولانا خالد سیف اللہ رحمانی اسلامک فقہ اکیڈیمی کے جنرل سکریٹری اور المعہد العالی الاسلامی کے بانی اور ناظم المہد العالی الاسلامی ہیں اور کئی کتابوں کے مصنف ہیں۔روزنامہ منصف میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کا ہفتہ وار کالم جمعہ ایڈیشن میں ’شمع فروزاں‘ کے نام سے شائع ہوتا ہے۔

اس اجلاس میں نائب صدور مولانا سید شاہ خسرو حسینی، سعادت اللہ حسینی امیر جماعت اسلامی، یاسین علی عثمانی، محمد بلال حسنی ندوی، احمد ولی فیصل رحمانی، جناب قاسم الیاس رسول ترجمان، سرخاب کمال فاروقی نائب ترجمان نے شرکت کی۔