بازار گھاٹ حادثہ: فیروز خان کے حامیوں اور مجلسی ورکرس میں جھڑپ
اور جیسے ہی حلقہ نامپلی کے کانگریس امیدوار فیروز خان اپنے حامیوں کے ہمراہ وہاں پہنچے تو مجلسی ورکرس نے ان کے خلاف نعرہ بازی شروع کردی۔

حیدرآباد: شہر کے مصروف تجارتی علاقہ نامپلی کے محلہ بازار گھاٹ میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں غیرقانونی طور پر قائم کردہ کیمیکل گودام میں آتشزدگی کے حادثہ میں انسانی جانوں کا اتلاف ایک طرف، تاہم اس واقعہ پر سیاست شروع ہوگئی ہے۔
حادثہ کی اطلاع عام ہوتے ہی سیاسی قائدین اور مختلف پارٹیوں کے ورکرس کے دورے شروع ہوگئے اور جیسے ہی حلقہ نامپلی کے کانگریس امیدوار فیروز خان اپنے حامیوں کے ہمراہ وہاں پہنچے تو مجلسی ورکرس نے ان کے خلاف نعرہ بازی شروع کردی۔
اس موقع پر علاقہ میں ہلکی سی کشیدگی پھیل گئی اور اس سے پہلے کہ کانگریس اور مجلسی ورکرس کے گروپس آپس میں متصادم ہوتے پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے حالات پر قابو پالیا۔
کانگریس ورکرس نے فیروز خان کی وہاں آمد کے خلاف مجلسی کارکنوں کی نعرہ بازی پر اعتراض کیا اور الزام لگایا کہ مجلس نہ صرف غنڈی گردی میں ملوث ہے بلکہ موقع کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہوئے لاشوں پر سیاست کررہی ہے۔