تلنگانہ: گورنر نے ایم ایل سی نشستوں کے لئے پروفیسر کودنڈا رام اور عامر علی خان کے ناموں کی منظوری دے دی
گورنر تلنگانہ نے گورنر کوٹہ کے تحت ایم ایل سی عہدوں کے لئے جنا سینا پارٹی کے سربراہ پروفیسر ایم کودنڈا رام اور اردو اخبار روزنامہ سیاست کے نیوز ایڈیٹر عامر علی خان کے ناموں کو منظوری دے دی ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کی گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن نے ریاست میں حکمراں کانگریس کی جانب سے نامزد کئے جانے کے بعد گورنر کوٹہ کے تحت ایم ایل سی عہدوں کے لئے جنا سینا پارٹی کے سربراہ پروفیسر ایم کودنڈا رام اور اردو اخبار روزنامہ سیاست کے نیوز ایڈیٹر عامر علی خان کے ناموں کو منظوری دے دی ہے۔
کانگریس کے ذرائع نے بتایا کہ گورنر کوٹہ کے تحت ایم ایل سی کے لئے نامزدگیوں کو حتمی شکل دینے میں تاخیر اس لئے ہوئی کیونکہ ریونت ریڈی کی ڈاؤس سے واپسی کا انتظار کیا جارہا تھا جو وہاں ورلڈ اکنامک فورم کی سالانہ کانفرنس میں شرکت کے لئے گئے ہوئے تھے۔
اسی دوران الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے ایم ایل اے کوٹہ کے تحت دو خالی ایم ایل سی نشستوں کے لئے 29 جنوری کو الگ الگ انتخابات مقرر کئے ہیں۔
کانگریس نے ان دو نشستوں کے لئے دو امیدواروں کو نامزد کیا ہے جن میں ریاستی این ایس یو آئی کے صدر وینکٹ بالموری اور مہیش کمار گوڑ شامل ہیں جنہوں نے اپنے پرچے نامزدگی داخل کردیئے ہیں۔
امکان ہے کہ ان دونوں کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں آئے گا کیونکہ کسی بھی پارٹی نے اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا ہے۔