بہرائچ تشدد، فوری کارروائی کی جائے: پرینکا گاندھی
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے اتوار کے دن کہا کہ اترپردیش کے بہرائچ میں تشدد کے دوران انتظامیہ کی ”بے عملی“ بدبختانہ ہے۔
نئی دہلی(پی ٹی آئی) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے اتوار کے دن کہا کہ اترپردیش کے بہرائچ میں تشدد کے دوران انتظامیہ کی ”بے عملی“ بدبختانہ ہے۔
انہوں نے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ سے اپیل کی کہ وہ خاطیو ں کے خلاف سخت ترین کارروائی کریں۔ اتوار کے دن بہرائچ کے موضع منصور کے مہاراج گنج علاقہ میں درگا وسرجن جلوس کے دوران برپا فرقہ وارانہ تشدد میں ایک نوجوان ہلاک ہوگیا۔
جھگڑا لاؤڈ اسپیکر سے موسیقی کے مسئلہ پر شروع ہوا تھا۔ سنگباری اور فائرنگ میں 6 افراد زخمی ہوئے جبکہ 30 کوحراست میں لے لیا گیا۔ پیر کے دن بھیڑ سڑکوں پر نکل آئی۔ دکانوں کو آگ لگادی گئی۔ بھیڑ میں موجود لوگوں کے ہاتھوں میں لاٹھیاں اور آئرن راڈ تھے۔
ایکس پر ہندی میں پوسٹ میں پرینکا گاندھی نے کہا کہ یوپی کے بہرائچ میں تشدد کی خبر اور اڈمنسٹریشن کی بے عملی انتہائی افسوسناک اور بدبختانہ ہے۔
میں ریاستی چیف منسٹر اور ریاستی انتظامیہ سے اپیل کرتی ہوں کہ فوری کارروائی کی جائے۔ عوام کو اعتماد میں لیا جائے اور تشدد رکوایا جائے۔
خاطیوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ہو۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ عوام سے میری اپیل ہے کہ قانون میں اپنے ہاتھوں میں نہ لیں اور امن برقرار رکھیں۔ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے تشدد کی مذمت کی اور کہا کہ خاطیوں کو بخشا نہیں جائے گا۔