کاماریڈی میں تیندوے کے حملہ میں بچھڑا ہلاک
جانوروں کے ڈاکٹروں نے بچھڑے کا پنچنامہ کیا تو پتہ چلا کہ اس کی موت تیندوے کے حملے سے ہوئی ہے۔اس تیندوے کی نقل و حرکت پر مقامی افرادخوفزدہ ہیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع کاماریڈی کے لنگم پیٹ میں ایک تیندوے نے ہلچل مچا دی ہے۔ لنگم پیٹ میں اس نے ایک بچھڑے پر حملہ کر دیا جس کے نتیجہ میں بچھڑا موقع پر ہلاک ہوگیا۔
جانوروں کے ڈاکٹروں نے بچھڑے کا پنچنامہ کیا تو پتہ چلا کہ اس کی موت تیندوے کے حملے سے ہوئی ہے۔اس تیندوے کی نقل و حرکت پر مقامی افرادخوفزدہ ہیں۔انہوں نے تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ تیندوے کے خوف سے وہ راتوں کو گھروں سے نکلنے سے گریز کررہے ہیں۔
انہیں اس جانور کی جانب سے ان کے مویشیوں پر حملہ کا بھی خدشہ ہے۔ کسان منوہر نے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو تیندوے کے گھومنے کی اطلاع دی جس کے بعد محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے وہاں پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے اس کے پنجوں کے نشانات بھی حاصل کئے۔
اسی ضلع کے پٹلم منڈل کے چنناکوڈاپگل سب اسٹیشن میں بعض افراد نے اس تیندوے کو سب اسٹیشن کے قریب دیکھا۔ سب اسٹیشن پر تیندوے کی موجودگی سے وہاں کام کرنے والے اہلکارخوف زدہ ہوگئے۔ محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے عوام کو چوکس رہنے کی ترغیب دی۔