کانگریس کے نامپلی امیدوار فیروز خان کے خلاف مقدمہ
حیدرآباد پولیس نے حلقہ اسمبلی نامپلی کے کانگریس امیدوار فیروز خان کے خلاف مبینہ طور پر ووٹرس کو رقم کی پیشکش کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

حیدرآباد: حیدرآباد پولیس نے حلقہ اسمبلی نامپلی کے کانگریس امیدوار فیروز خان کے خلاف مبینہ طور پر ووٹرس کو رقم کی پیشکش کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ان کے خلاف مبینہ طور پر ایک شخص کو ایک لاکھ روپے حوالے کرنے کا الزام ہے جو ووٹرس میں تقسیم کرنے کے لئے دیئے گئے تھے۔
ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے دیگر اہلکاروں کے ساتھ فیروز خان کے گھر کے قریب تلاشی لی اور ایک شخص کو پکڑا جو مبینہ طور پر ایک لاکھ روپے کیش لے کر جا رہا تھا۔ پوچھ گچھ پر اس شخص نے پولیس کو بتایا کہ اس نے یہ رقم فیروز خان سے لی تھی۔
اس اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے رات گئے فیروز خان کے گھر کی تلاشی لی۔ تاہم پولیس کو کچھ پتہ نہیں چل سکا جس پر نامپلی پولیس نے فیروز خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
فیروز خان اور دیگر کے خلاف ایک اور مقدمہ ہمایوں نگر پولیس اسٹیشن میں ایک تقریب ہال میں ایک جوڑے کو مارنے کے الزام میں درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایک شخص ایک فنکشن ہال میں گیا تھا جہاں کانگریس پارٹی کے کارکن لنچ کر رہے تھے اور موبائل فون کا استعمال کرتے ہوئے ویڈیو بھی بنارہے تھے۔ ویڈیو بنانے پر اسے پکڑا کر مارا پیٹا گیا۔ جب اس کی بیوی اسے بچانے گئی تو اس پر بھی حملہ کیا گیا۔