چمپئی سورین نے جھارکھنڈ اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا، بی جے پی کی سازش ناکام
اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں اعتماد کے ووٹ کی تحریک وزیراعلی چمپئی سورین نے ایوان میں پیش کی۔ 82 رکنی اسمبلی میں گنڈیا اسمبلی سیٹ جے ایم ایم کے ایم ایل اے سرفراز احمد کے استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہوئی ہے۔
رانچی: جھارکھنڈ کے وزیر اعلی چمپئی سورین نے پیر کو اسمبلی میں اکثریت حاصل کرلی۔
اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں اعتماد کے ووٹ کی تحریک وزیراعلی چمپئی سورین نے ایوان میں پیش کی۔ 82 رکنی اسمبلی میں گنڈیا اسمبلی سیٹ جے ایم ایم کے ایم ایل اے سرفراز احمد کے استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہوئی ہے۔
تحریک اعتماد کے حق میں 47 جب کہ مخالفت میں 29 ووٹ آئے۔
واضح رہے کہ ای ڈی کی جانب سے وزیراعلی ہیمنت سورین کی گرفتاری کے بعد چمپئی سورین نے ریاست کے وزیراعلیٰ کے عہدہ کا حلف اٹھایا تھا جس کے ساتھ ہی بی جے پی نے آپریشن لوٹس شروع کردیا تھا۔
ہیمنت سورین کی پارٹی جھارکھنڈ مکتی مورچہ یعنی جے ایم ایم کے ارکان اسمبلی کو بی جے پی کا شکار ہونے سے بچانے کے لئے انہیں حیدرآباد منتقل کردیا گیا تھا جہاں ایک ریسورٹ میں انہیں ٹھہرا کر ان کی خوب مہمان نوازی کی گئی اور پھر آج صبح انہیں رانچی بھیجا گیا تھا۔
ہیمنت سورین کی گرفتاری کے بعد بی جے پی نے تحریک عدم اعتماد کی بات چھیڑ دی تھی اور جے ایم ایم حکومت کو گرانے کی سازشوں کا آغاز کردیا گیا تھا تاہم پارٹی نے کانگریس پارٹی کی مدد حاصل کرتے ہوئے اپنے ارکان کو نہ صرف سنبھال کر رکھا بلکہ آج اس کے چیف منسٹر چمپئی سورین نے خود اسمبلی میں اعتماد کی تحریک پیش کرکے اس میں کامیابی بھی حاصل کرلی۔