حیدرآباد

تلنگانہ میں سردی کی لہر میں روز بہ روز اضافہ

دوسری طرف صبح کے اوقات میں چہل قدمی کے لئے جانے والے افراد اور کسان اپنے معمول کے شیڈول کے برخلاف تاخیر سے اپنے کاموں اور سرگرمیوں کے لئے روانہ ہورہے ہیں۔ فٹ پاتھس پر سونے والے افرادکو بھی سردی کی وجہ سے کافی مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں روزبروز سردی کی لہر میں اضافہ ہوتاجارہا ہے جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔شمالی ہند سے آرہی سرد ہواوں کے نتیجہ میں دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اوراے پی میں سردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے۔

تلنگانہ کے اضلاع بالخصوص متحدہ عادل آباد ضلع میں صبح کے اوقات میں کہر کی وجہ سے گاڑی سواروں کو مشکل صورتحال کا سامناکرناپڑرہا ہے۔ عادل آباد کے ایجنسی علاقوں اور جنگلات سے متصل آبادیوں میں سردی کی شدید لہر دیکھی جارہی ہے۔

عادل آباد کے عوام نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے مقابلہ اس مرتبہ سردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے۔دوسری طرف چہل قدمی کرنے والوں نے بھی اس اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔کئی گاڑی سوار اپنی گاڑیوں کی ہیڈلائٹس کو کھولتے ہوئے گاڑی چلانے پر مجبور ہیں۔

دوسری طرف صبح کے اوقات میں چہل قدمی کے لئے جانے والے افراد اور کسان اپنے معمول کے شیڈول کے برخلاف تاخیر سے اپنے کاموں اور سرگرمیوں کے لئے روانہ ہورہے ہیں۔ فٹ پاتھس پر سونے والے افرادکو بھی سردی کی وجہ سے کافی مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔

کئی لوگ سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں جیسے گرم لحافوں اورسوئٹرس کا استعمال کررہے ہیں تو کئی افراد شام ہوتے ہیں آگ تاپنے کا کام بھی کررہے ہیں۔ سردی سے بچے اور معمرین شدید متاثرہیں۔ صبح کی اولین ساعتوں سے ہی سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔