تلنگانہ

پولیس اسٹیشن میں کانگریس قائد کی سالگرہ تقریب۔ ایس آئی کو دفتر آئی جی پی میں رپورٹ کا حکم

ضلع سنگاریڈی کے ایک پولیس عہدیدار کو دفتر انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس عہدیدار پر پولیس اسٹیشن میں کانگریس کے ایک مقامی قائد کی سالگرہ منانے اور کیک کاٹنے کا الزام ہے۔

حیدرآباد: ضلع سنگاریڈی کے ایک پولیس عہدیدار کو دفتر انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس عہدیدار پر پولیس اسٹیشن میں کانگریس کے ایک مقامی قائد کی سالگرہ منانے اور کیک کاٹنے کا الزام ہے۔

وٹپلی کے سب انسپکٹر لکشمن کو استقدامی اثر کے ساتھ ملٹی زون IIآئی جی پی آفس میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ڈی جی پی دفتر کے جاری کردہ بیان میں یہ بات بتائی گئی۔ پولیس اسٹیشن میں کانگریس کے مقامی قائد کی سالگرہ تقریب منانے اور کیک کاٹنے کے واقعہ کو پولیس عہدیداروں نے سخت سنجیدگی سے لیا ہے۔

ملٹی زونIIکے آئی جی پی وی ستیہ نارائنہ نے کہا کہ اس واقعہ کی رپورٹ وصول ہونے کے بعد خاطی عہدیداروں اور دیگر کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

مٹ پلی منڈل کے مقامی کانگریس قائد پرتاپ رمیش جوشی کی سالگرہ تقریب پولیس اسٹیشن میں اتوار کے روز منائی گئی، جس میں ایس آئی اور ایک کانسٹبل نے کانگریس قائد کے ساتھ برتھ ڈے کیک بھی کاٹا تھا۔

حلقہ اسمبلی اندول میں یہ واقعہ پیش آیا ہے۔ یہ واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد مختلف گوشوں سے شدید تنقید شروع ہوگئیں اور پولیس اسٹیشن میں برتھ ڈے پارٹی کا اہتمام کرنے پر ایس آئی راست طور پر تنقید کی زد میں آگئے۔ حالیہ ہفتوں، ریاستوں میں اس طرح کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

قبل ازیں ورنگل میں چند پولیس ملازمین کے بشمول اے سی پی نندی رام نائک نے ریاستی وزیر جنگلات و ماحولیات کونڈا سریکھا کی سالگرہ پارٹی میں شرکت کی تھی۔ اس پارٹی میں نہ صرف کیک کاٹا گیا بلکہ اے سی پی نے تقریر بھی کی جس پر اپوزیشن بی آر ایس نے پولیس کے سرویس رولس اور پولیس کی سیاسی غیر جانبداری پر سوالات اٹھائے۔

اے سی پی، سرکل انسپکٹر اور چند پولیس ملازمین نے وزیر جنگلات کی سالگرہ پارٹی میں شرکت کی تھی۔ کے ٹی آر اور دیگر کی تنقیدوں کے بعد کمشنر پولیس ورنگل امبرکشور جھا نے اے سی پی کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی۔

a3w
a3w