دہلی

دہلی میں 200 میٹر تک کار سے گھسیٹنے کے سبب رکشہ راں شدید زخمی

پولیس کے مطابق ملزم کار ڈرائیور جس کی شناخت غازی آباد کے قریبی مقام مراد نگر کے رہائشی 25 سالہ فرمان کی حیثیت سے کی گئی کا طبّی معائنہ کرایا جائے گا تاکہ پتہ چل سکے کہ کیا وہ نشہ کی حالت میں تھا۔

نئی دہلی: کل دیر گئے ایک صدمہ انگیز واقعہ میں نئی دہلی کے علاقہ فیروز شاہ روڈ پر لاپرواہ ڈرائیور کی ایک کار سے تقریباً 200 میٹر تک گھسیٹے جانے سے ایک رکشہ راں شدید زخمی ہوگیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس پرنوتا پال نے بتایا کہ مقامِ حادثہ پر چپل پائے گئے جو شاید زخمی شخص کے ہوسکتے ہیں اور سڑک کے ساتھ ساتھ خون کے دھبے پائے گئے۔

متعلقہ خبریں
بنجارہ ہلز میں طالب علم پر قاتلانہ حملہ،نوجوان شدید زخمی
گاؤ رکھشکوں پر نامعلوم افراد کا حملہ، ایک ہلاک

 انھوں نے بتایا کہ زخمی شخص کو علاج کے لیے رام منوہر لوہیا ہاسپٹل روانہ کیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔ زخمی رکشہ راں بیان قلمبند کرانے کے موقف میں ہے۔ زخمی کی شناخت 25 سالہ منوج کی حیثیت سے کی گئی جو خانساماں کی حیثیت سے ملازمت کے علاوہ رکشہ راں بھی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کار ڈرائیور جس کی شناخت غازی آباد کے قریبی مقام مراد نگر کے رہائشی 25 سالہ فرمان کی حیثیت سے کی گئی کا طبّی معائنہ کرایا جائے گا تاکہ پتہ چل سکے کہ کیا وہ نشہ کی حالت میں تھا۔

پولیس نے حادثہ میں ملوث ماروتی سوفٹ کار ضبط کی، جس کے سامنے کے حصہ کو نقصان پہنچا ہے۔ اس حادثہ سے یکم جنوری کو کنجھولا میں پیش آئے ہیبت ناک حادثہ کی یاد تازہ ہوگئی، جس میں ایک 20 سالہ خاتون کی وحشت ناک موت واقع ہوئی تھی۔