تلنگانہ

کانگریس رکن اسمبلی ڈاکٹرومشی کرشنا نے غریب شخص کا آپریشن کرتے ہوئے ٹیومر نکالا،سوشیل میڈیا پرستائش

ایم ایل اے ومشی نے اس بات پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اچم پیٹ کے سرکاری اسپتال میں اس کے ضروری طبی معائنے کروائے اور اس شخص کا خود آپریشن کرتے ہوئے اس کے پیٹ سے ٹیومر کونکالا۔

حیدرآباد:تلنگانہ کانگریس کے رکن اسمبلی ڈاکٹرومشی کرشنا نے غریب شخص کا آپریشن کرتے ہوئے اس کے پیٹ سے ٹیومر نکالا۔اس طرح رکن اسمبلی ہوتے ہوئے بھی وہ اپنے پیشہ وارانہ فرض کو نہیں بھولے جس پر ان کی کئی گوشوں سے ستائش کی جارہی ہے۔

ومشی کرشنا جو ریاستی اسمبلی میں حلقہ اچم پیٹ کی نمائندگی کرتے ہیں،کو پتہ چلا کہ ناگرکرنول ضلع کے کوتہ پیٹ گاوں سے تعلق رکھنے والا رام لال نامی غریب شخص گذشتہ چند دنوں سے پیٹ میں درد سے متاثر ہے جومالی مشکلات کے سبب پرائیویٹ اسپتال میں اپنا آپریشن کروانے کا متحمل نہیں ہے۔

انہوں نے اس بات پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اچم پیٹ کے سرکاری اسپتال میں اس کے ضروری طبی معائنے کروائے اور اس شخص کا خود آپریشن کرتے ہوئے اس کے پیٹ سے ٹیومر کونکالا۔رکن اسمبلی اس اسپتال میں قبل ازیں بھی کئی غریبوں کا علاج کرچکے ہیں اور آپریشن انجام دے چکے ہیں۔

غریب شخص کے آپریشن کا ویڈیو سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگیا جس پر ان کے حلقہ کے عوام کے ساتھ ساتھ سوشیل میڈیا پر سرگرم افراد ان کے اس جذبہ کی نہ صرف ستائش کررہے ہیں بلکہ ان کو مبارکبادبھی پیش کررہے ہیں کیونکہ رکن اسمبلی ہونے کے باوجود وہ اپنے پیشہ وارانہ فرائض کو نہیں بھولے اور غریبوں کے حق میں ان کا یہ کام قابل ستائش ہے۔

a3w
a3w