دہلی کی وزیر آتشی کو کرائم برانچ کی نوٹس
دہلی پولیس کرائم برانچ نے اتوار کے دن دہلی کی وزیرآتشی کو اس الزام کے سلسلہ میں نوٹس جاری کردی کہ بی جے پی‘عام آدمی پارٹی کے ارکان اسمبلی کو ”خریدنے“ کی کوشش کررہی ہے۔
نئی دہلی: دہلی پولیس کرائم برانچ نے اتوار کے دن دہلی کی وزیرآتشی کو اس الزام کے سلسلہ میں نوٹس جاری کردی کہ بی جے پی‘عام آدمی پارٹی کے ارکان اسمبلی کو ”خریدنے“ کی کوشش کررہی ہے۔
پولیس ٹیم‘ آتشی کے بنگلہ پرپہنچی۔ آتشی نے اپنے عہدیدار کو ہدایت دی کہ وہ نوٹس وصول کرے۔ ذرائع نے یہ بات بتائی۔ ہفتہ کے دن چیف منسٹر کے دفتر کو دہلی پولیسکا سمن ملا تھا۔
چیف منسٹر اروندکجریوال کو دی گئی کرائم برانچ نوٹس میں لکھا ہے کہ آپ کے اس الزام کے سلسلہ میں ملی شکایت پر انکوائری کی جارہی ہے کہ بی جے پی نے عام آدمی پارٹی کے ارکان اسمبلی کو پارٹی چھوڑکر بی جے پی میں شامل ہونے کے لئے فی کس 25کروڑ روپیوں کی پیشکش کی۔
آپ نے 27جنوری2024ء کو ایکس(سابق ٹوئٹر) پرپوسٹ میں یہ الزام عائد کیاتھا۔ آپ کرائم برانچ پر سوالنامہ کا جواب 5 فروری تک اے سی پی پنکج اروڑہ کے دفتر سنٹرل رینج‘ کرائم برانچ‘سکنڈفلور پولیس اسٹیشن کملامارکٹ بلڈنگ نئی دہلی میں داخل کریں۔پی ٹی آئی کے بموجب دہلی کی وزیرآتشی نے اتوار کے دن کہا کہ انہیں دی گئی نوٹس میں ایف آئی آر یا آئی پی سی دفعات کا کوئی ذکر نہیں ہے۔
انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ہمیں کرائم برانچ کے عہدیداروں سے ہمدردی ہے جنہیں ان کے ”سیاسی آقا“ ایسی ”حرکتیں“ کرنے پر مجبورکررہے ہیں۔ آتشی نے کہا کہ کل دہلی پولیس کرائم برانچ نے چیف منسٹر دہلی اروندکجریوال کو نوٹس دی تھی۔
آج مجھے نوٹس دی گئی تاہم اس میں ایف آئی آر کا کوئی تذکرہ نہیں۔ اس میں تعزیرات ہند (آئی پی سی) یا ضابطہئ فوجداری(سی آرپی سی) یا پی ایم ایل اے یا پی سی اے کی کسی بھی دفعہ کا کوئی ذکر نہیں۔ اتوار کے دن دہلی پولیس کرائم برانچ کی ٹیم آتشی کے بنگلہ پرگئی تھی اور اس نے وہاں نوٹس کی تعمیل کی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دہلی کی وزیر کے اسٹاف نے نوٹس وصول کی۔ کرائم برانچ ٹیم آج 12:55بجے دوسری مرتبہ آتشی کے بنگلہ پر پہنچی تھی۔ نوٹس کے بموجب کرائم برانچ نے کجریوال اور آتشی سے پوچھا ہے کہ انہوں نے بی جے پی پرجو الزام لگایا ہے اس کی جانکاری دیں۔
دونوں سے 5 فروری تک نوٹس کا جواب مانگا گیا۔ بی جے پی نے عام آدمی پارٹی ارکان اسمبلی کے شکار کے الزام کو جھوٹا اور بے بنیاد قراردے کر مستردکردیا اس نے چیف منسٹر کو للکارا کہ اگر ان کے پاس کوئی ثبوت ہے تو پیش کریں۔