حیدرآباد
جعلی ویڈیو کیس: انکوائری کیلئے دہلی سے آئی پی ایس آفیسر کی حیدرآباد آمد
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ویڈیو کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کے معاملہ کو دہلی اور حیدرآباد سائبر کرائم پولیس نے بہت سنجیدگی سے لیا ہے۔

حیدرآباد: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ویڈیو کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کے معاملہ کو دہلی اور حیدرآباد سائبر کرائم پولیس نے بہت سنجیدگی سے لیا ہے۔
دہلی پولیس کی ایک ٹیم کل سے حیدرآباد میں مقیم ہے۔ دہلی کا ایک اور آئی پی ایس افسر آج حیدرآباد پہنچا ہے۔ حیدرآباد سائبر کرائم پولیس پہلے ہی پانچ لوگوں کو گرفتار کر چکی ہے۔
دہلی پولیس ان لوگوں کو اپنی تحویل میں لینے کی کوشش کر رہی ہے جو حیدرآباد پولیس کی تحویل میں ہیں۔
حیدرآباد سائبر کرائم پولیس نے اس معاملے میں گرفتار پانچ لوگوں سے رات بھر پوچھ تاچھ کی۔ حیدرآباد پولیس نے جعلی ویڈیو سے متعلق کمپیوٹر، ہارڈ ڈیسک اور پین ڈرائیوز ضبط کرلئے ہیں۔
امیت شاہ کے خلاف جعلی ویڈیو بنایا گیا تھا۔ اس ویڈیو کو تیار کرنے والوں کو گرفتار کرنے کے لئے دہلی اور حیدرآباد سائبر کرائم پولیس میں مسابقت دیکھی جارہی ہے۔