دیوالی کے موقع پر مہاراشٹر میں بارش کی پیش گوئی، 15 اضلاع کے لیے ’یلو الرٹ‘ موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کا امکان
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ناسک، پالگھر اور پونے گھاٹ علاقوں میں ہوا کی رفتار 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ محکمہ کے مطابق، کونکن، شمالی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کے کئی حصوں میں بارش کا سلسلہ شروع بھی ہو چکا ہے۔
اورنگ آباد: دیوالی سے عین قبل مہاراشٹر میں ایک بار پھر بارش کی واپسی متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے 16 اور 17 اکتوبر کو ریاست کے 15 اضلاع میں ’یلو الرٹ‘ جاری کرتے ہوئے گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی وارننگ دی ہے۔ اس تازہ پیش گوئی سے پہلے ہی خشک سالی اور نقصان سےدوچار کسانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، اورنگ آباد، بیڑ، جالنہ، لاتور، عثمان آباد، ناسک، دھولیہ، جلگاؤں، احمد نگر، پونے، ستارا، رائے گڑھ، رتناگیری اور گھاٹ کے علاقے بارش کی زد میں رہیں گے۔ ان علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ناسک، پالگھر اور پونے گھاٹ علاقوں میں ہوا کی رفتار 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ محکمہ کے مطابق، کونکن، شمالی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کے کئی حصوں میں بارش کا سلسلہ شروع بھی ہو چکا ہے۔
اس سال مئی سے جاری غیر متوقع بارش نے ریاست کے خریف سیزن کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ کئی اضلاع میں پیداوار کھیتوں میں گل سڑ گئی ہے، اور اب دیوالی کے موقع پر ہونے والی مزید بارشوں نے کسانوں کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت دی ہے۔ خاص طور پر گرج چمک کے دوران بجلی کے کھمبوں یا درختوں کے نیچے پناہ لینے سے اجتناب برتنے کو کہا گیا ہے۔