انٹرٹینمنٹسوشیل میڈیا

دھورندھرفلم کی اداکارہ عائشہ خان ممبئی میں احتجاج سے قبل حراست میں، ویڈیو وائرل

فلم "دھورندھر" کے گانے "شرارت" میں نظر آنے والی اداکارہ عائشہ خان کو ممبئی پولیس نے نیٹ (NEET) پیپر لیک معاملہ میں مبینہ خودکشی کرنے والے طلبہ کے حق میں ہونے والے احتجاج سے قبل حراست میں لے لیا۔

ممبئی: فلم "دھورندھر” کے گانے "شرارت” میں نظر آنے والی اداکارہ عائشہ خان کو ممبئی پولیس نے نیٹ (NEET) پیپر لیک معاملہ میں مبینہ خودکشی کرنے والے طلبہ کے حق میں ہونے والے احتجاج سے قبل حراست میں لے لیا۔ اداکارہ نے اس واقعہ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں پُرامن انداز میں سڑک کنارے کھڑے ہونے کے باوجود پولیس وین میں بٹھا کر پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔

عائشہ خان کے مطابق وہ اپنے بھائی اور چند دوستوں کے ساتھ دادر میں نیٹ طلبہ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پہنچی تھیں، تاہم احتجاج شروع ہونے سے پہلے ہی پولیس نے ان کے بھائی اور دیگر افراد کو حراست میں لے لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ صرف سڑک کنارے کھڑی اپنے بھائی کا انتظار کر رہی تھیں کہ اسی دوران پولیس نے انہیں بھی حراست میں لے لیا۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں الزام لگایا کہ چار خاتون پولیس عہدیدار نے انہیں پولیس وین میں بٹھایا، حالانکہ انہوں نے نہ کوئی ہنگامہ کیا تھا اور نہ ہی احتجاج شروع کیا تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ "صرف سڑک پر خاموشی سے کھڑے رہنا کب سے جرم بن گیا؟”

بعد ازاں عائشہ خان نے بتایا کہ انہیں اور دیگر افراد کو ورلی پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موقع پر پہنچنے کے بعد معلوم ہوا کہ اس مقام پر احتجاج کی اجازت نہیں تھی، جس کے باوجود انہیں بغیر واضح وجہ بتائے حراست میں لیا گیا۔

اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوز، جن میں انہیں پولیس وین کی طرف لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جبکہ اس واقعہ ر مختلف حلقوں میں بحث جاری ہے۔