حیدرآباد

ڈبل بیڈ روم مکانات: سنکرانتی سے پہلے استفادہ کنندگان کا انتخاب مکمل کرنے کے اقدامات

تلنگانہ حکومت نے پہلے ہی 2,91,057 مکانات کی منظوری دی ہے۔ اس کے لیے 18 ہزار کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بعض مقامات پر مکانات استفادہ کنندگان کے حوالے کئے جاچکے ہیں جبکہ بعض مقامات پر تعمیراتی کام آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ حکومت سنکرانتی تہوار تک ڈبل بیڈروم مکانات کی اسکیم کے استفادہ کنندگان کا انتخاب مکمل کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔ اس نے پہلے ہی کلکٹرس کو 15 جنوری تک مکانات اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کا کام مکمل کرنے کے لیے جنگی خطوط پر اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔

عہدیدار، خصوصی توجہ ان مکانات پر دے رہے ہیں جو تعمیر کے آخری مراحل میں ہیں تاکہ استفادہ کنندگان کو ڈبل بیڈ روم والے مکانات جلد حوالے کئے جائیں۔ کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر میں تیزی پیدا کریں جس کے لئے ہفتہ واری طورپر اس کا جائزہ لیا جائے۔

تلنگانہ حکومت نے پہلے ہی 2,91,057 مکانات کی منظوری دی ہے۔ اس کے لیے 18 ہزار کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بعض مقامات پر مکانات استفادہ کنندگان کے حوالے کئے جاچکے ہیں جبکہ بعض مقامات پر تعمیراتی کام آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔

 مکانات کی تعمیر کے ساتھ ساتھ حکومت نے ضلع کلکٹرس کو متعلقہ علاقوں میں سڑکوں، بجلی، صاف پانی اور دیگرسہولیات فراہم کرتے ہوئے استفادہ کنندگان کا انتخاب کرنے کی ذمہ داری حوالے کی ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ ڈبل بیڈروم اسکیم کے استفادہ کنندگان کے انتخاب کا عمل شفاف ہونا چاہیے۔

 اس اسکیم کے لئے ایسے افراد اہل ہیں جو خط غربت سے نچلی زندگی گذارتے ہیں، جن کے پاس راشن کارڈ نہیں ہے اور جو کرائے کے مکانات میں رہ رہے ہیں۔

عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ استفادہ کنندگان کے انتخاب کے لیے گرام سبھا،وارڈ سبھا ئیں منعقد کی جائیں اور درخواستیں وصول کرکے متعلقہ تحصیلداروں کو بھیجی جائیں۔

 فیلڈ لیول پر متعلقہ درخواستوں کی جانچ کے بعد تحصیلداروں کو اہل افراد کی فہرست کلکٹرس کو بھیجنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکومت نے تجویز دی کہ اگر کلکٹرس کے ذریعہ موصول ہونے والی فہرست حکومت کو بھیج دی جائے تو جانچ اور حتمی فہرست تیار کرنے میں آسانی ہوگی۔