عابڈس میں منشیات کے سپلائر نے پولیس پر گاڑی چڑھا دی، کانسٹیبل کی ٹانگ فریکچر
شہر کے عابدس علاقے میں مبینہ طور پر منشیات کی خرید و فروخت کے خلاف کارروائی کے دوران ایک مشتبہ سپلائر نے پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی، جس کے نتیجے میں ایک کانسٹیبل شدید زخمی جبکہ ایک انسپکٹر اور ایک اور کانسٹیبل معمولی زخمی ہو گئے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف اقدامِ قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
حیدرآباد: شہر کے عابدس علاقے میں مبینہ طور پر منشیات کی خرید و فروخت کے خلاف کارروائی کے دوران ایک مشتبہ سپلائر نے پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی، جس کے نتیجے میں ایک کانسٹیبل شدید زخمی جبکہ ایک انسپکٹر اور ایک اور کانسٹیبل معمولی زخمی ہو گئے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف اقدامِ قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق اتوار کی دوپہر اطلاع ملی تھی کہ عابدس میں منشیات کی خرید و فروخت ہونے والی ہے۔ اطلاع ملنے پر نارکوٹکس انفورسمنٹ ونگ کی ٹیم نے علاقے میں نگرانی شروع کی۔
کارروائی کے دوران عابدس کے پائل فٹ ویئر کے قریب ایک کار رکی، جہاں ایک شخص نے گاڑی میں موجود فرد کو ایک مشتبہ پیکٹ دیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پیکٹ دینے والے شخص کو حراست میں لے لیا اور گاڑی میں موجود حسینی عالم کے رہائشی سیف کو باہر آنے کا کہا۔
پولیس کے مطابق سیف نے پہلے گاڑی سائیڈ پر کرنے کا تاثر دیا، لیکن اچانک گاڑی ریورس کر دی، جس سے کانسٹیبل مہیندر یادو کی ٹانگ گاڑی کے نیچے آ گئی۔ اس کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے کی کوشش کرنے لگا۔
انسپکٹر سری کانت نے دیگر اہلکاروں کے ساتھ ملزم کا تعاقب کیا اور آخرکار افضل گنج کے قریب اسے گرفتار کر لیا۔
واقعے میں کانسٹیبل مہیندر یادو کی ٹانگ فریکچر ہو گئی، جنہیں فوری طور پر سومجی گوڑہ کے یشودا اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ تعاقب کے دوران انسپکٹر سری کانت اور کانسٹیبل ونشی دھر بھی معمولی زخمی ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل مہیندر یادو کی شکایت پر ملزم سیف کے خلاف عابدس اور افضل گنج پولیس اسٹیشنوں میں اقدامِ قتل سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔