”ریاستیں چاہے الگ ہوں، تلگو قوم ایک ہے“۔یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر چندرابابوکا پیام
اسی سلسلہ میں آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ نارا چندرابابو نائیڈو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر)کے ذریعہ اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے یومِ تاسیس کے موقع پر ملک بھر سے ممتاز شخصیات نے ریاست کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔
اسی سلسلہ میں آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ نارا چندرابابو نائیڈو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر)کے ذریعہ اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ”اگرچہ دونوں تلگو ریاستیں علیحدہ ہیں، لیکن تلگو عوام اور تلگو قوم ایک ہی ہیں۔
میری خواہش ہے کہ جہاں کہیں بھی تلگو عوام ہوں، وہ بلند مقام تک پہنچیں۔ تلنگانہ کے 11ویں یومِ تاسیس کے موقع پر میں یہاں کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
میری یہ خواہش ہے کہ تلنگانہ ریاست کا ہر خاندان خوشحال ہو، خوشی و مسرت سے بھرپور زندگی گزارے اور ترقی کی راہ پر گامزن رہے۔
میری تمنا ہے کہ دونوں تلگو ریاستیں ترقی میں ایک دوسرے سے مقابلہ کرتے ہوئے ’وکست بھارت 2047‘ کے ہدف تک پہنچیں اور تلگو قوم ایک ناقابل تسخیر قوت کے طور پر ابھرے۔
اس جدوجہد میں ہر تلگو شہری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔“وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو کے ساتھ ساتھ آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان نے بھی اس موقع پر ٹویٹ کے ذریعہ تلنگانہ کے عوام کو مبارکباد دی۔