کے سی آرنے تنہا جدوجہد شروع کرتے ہوئے تلنگانہ کو حاصل کیا۔ڈالاس میں تلنگانہ یومِ تاسیس پر کے ٹی آر کا خطاب
انہوں نے کہا کہ چار کروڑ عوام کے لئے مہاتما گاندھی کی تحریک سے متاثر ہو کر کے سی آر نے خواب دیکھا،اکیلے جدوجہد کا آغاز کیا،انہوں نے بے شمار ذلتوں کو برداشت کرتے ہوئے تلنگانہ کو حاصل کیا۔کئی افراد نے قربانیاں دیں، دہائیوں کی جدوجہد کے بعد ریاست وجود میں آئی۔

حیدرآباد: بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے کارگذارصدرکے۔ ٹی۔ راما راؤنے تلنگانہ کے یومِ تاسیس کے موقع پر امریکہ کے شہر ڈالاس میں تلگواین آرآئیز کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ چندرشیکھرراوکی قیادت اور تلنگانہ تحریک کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ چار کروڑ عوام کے لئے مہاتما گاندھی کی تحریک سے متاثر ہو کر کے سی آر نے خواب دیکھا،اکیلے جدوجہد کا آغاز کیا،انہوں نے بے شمار ذلتوں کو برداشت کرتے ہوئے تلنگانہ کو حاصل کیا۔کئی افراد نے قربانیاں دیں، دہائیوں کی جدوجہد کے بعد ریاست وجود میں آئی۔
انہوں نے زوردیتے ہوئے کہا کہ ایک مجاہدِ آزادی جب وزیراعلیٰ بنتا ہے تو اس کی قیادت میں جذبہ اور حوصلہ خود بخود آجاتا ہے۔ 2023 کے انتخابات میں شکست کے باوجود ہم تلنگانہ سے محبت کرنے میں ہمیشہ سب سے آگے رہے۔ ہمیں یقین ہے کہ آئندہ تین برسوں میں کے سی آر دوبارہ وزیراعلیٰ بنیں۔
انہوں نے کہا ”آپ سب کو دیکھ کر تلنگانہ کی دھرتی فخر محسوس کر رہی ہے۔ آپ نے براعظموں کی سرحدیں پار کر کے بھی اپنی تہذیب و ثقافت کو برقرار رکھا۔بتکماں جیسے تہواروں کو ہزاروں میل دور رہ کر بھی نہیں بھولے۔
ایسا جذبہ گزشتہ دہائی میں دکھائی دیا تھا، جو آج بھی قائم ہے مجھے کل احساس ہوا کہ اب ہمارے صرف دو نہیں بلکہ تین ریاستیں ہیں، تیسری ریاست ٹیکساس ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ وہ 2015 میں امریکی سرمایہ کاری کے لیے جب ڈالاس آئے تھے،تو وہ ایک مشن پر تھے، اور آج دیکھ رہے ہیں کہ تلنگانہ کے سفیروں نے وہاں اپنی کامیابی کے نقوش چھوڑے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ 2001میں کے سی آر نے مہاتما گاندھی کی طرح ایک خواب دیکھا، اکیلے آگے بڑھے۔ انہوں نے صفر سے آغاز کیا اور سب کو متحد کر کے تلنگانہ کو حاصل کیا۔ آج غیر ملکی سرزمین پر بھی ’جئے تلنگانہ‘ کی گونج سنائی دیتی ہے۔ ہم نے ہر موقع کو ترجیح دے کر تلنگانہ کو ملک کی نمبر ون ریاست بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔