حضرت سید شاہ علی حسینی زیدیؒ اور حضرت سید شاہ ابراہیم حسینی زیدیؒ کے سالانہ اعراس کے موقع پر فیضانِ اولیاء اللہ کانفرنس کا انعقاد
کانفرنس سے برادر سجادہ نشین بارگاہ جلالیہ گوگی شریف کرناٹک حضرت علامہ مفتی سید شاہ چندا حسینی زبیر بابا، سابق استاذ جامعہ نظامیہ حضرت مولانا قاضی محمد عبدالوحید نقشبندی، جانشین سجادہ نشین بارگاہ قتالیہ کولم پلی حضرت مولانا حافظ سید شاہ احمد حسینی اشرفی چشتی اور جنرل سیکریٹری آل انڈیا سنی علماء و مشائخ بورڈ محبوب نگر مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی نے خطاب کیا۔
علماء نے حضرت شاہ چندا حسینیؒ کی اولاد کی دینی، روحانی اور اصلاحی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا
ملکارم: حضرت سید شاہ علی حسینی زیدیؒ کے 358ویں اور حضرت سید شاہ ابراہیم حسینی زیدیؒ کے 328ویں سالانہ عرس مبارک کے موقع پر ملکارم، شمس آباد میں عظیم الشان فیضانِ اولیاء اللہ کانفرنس، صندل مالی کی روح پرور تقریب اور دعائیہ اجتماعات کا اہتمام کیا گیا، جس میں ملک بھر سے علماء کرام، مشائخ عظام، سجادگان، مریدین اور عقیدت مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کانفرنس سے برادر سجادہ نشین بارگاہ جلالیہ گوگی شریف کرناٹک حضرت علامہ مفتی سید شاہ چندا حسینی زبیر بابا، سابق استاذ جامعہ نظامیہ حضرت مولانا قاضی محمد عبدالوحید نقشبندی، جانشین سجادہ نشین بارگاہ قتالیہ کولم پلی حضرت مولانا حافظ سید شاہ احمد حسینی اشرفی چشتی اور جنرل سیکریٹری آل انڈیا سنی علماء و مشائخ بورڈ محبوب نگر مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ تقریباً سات صدی قبل حضرت سیدنا خواجہ بندہ نواز گیسو درازؒ نے حضرت سید شاہ جلال الدین حسینی کو ’’حضرت شاہ چندا حسینیؒ‘‘ کے لقب سے نوازتے ہوئے یہ بشارت دی تھی کہ ان کی اولاد دنیا بھر میں پھیلے گی اور اسلام کی اشاعت، تبلیغ، روحانی اصلاح اور دینی خدمات میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔
علماء نے کہا کہ آج یہ روحانی بشارت حقیقت کا روشن مظہر بن چکی ہے اور حضرت شاہ چندا حسینیؒ کی اولاد نے مختلف علاقوں میں دین اسلام کی خدمت، روحانی اصلاح، سماجی فلاح اور عوام کی رہنمائی کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، جن کے اثرات آج بھی نمایاں طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔
تقریب کے دوران سجادہ نشین ملکارم مولوی سید شاہ مخدوم حسینی چشتی قادری نے صندل مالی کی رسم ادا کی۔ اس موقع پر بھارت سیوا رتن ایوارڈ یافتہ مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی، سید سعادت اللہ حسینی چشتی، سید مرتضیٰ حسینی چشتی، سید شاہ عبدالرحمن حسینی چشتی، سید شاہ خضر حسینی چشتی، حضرت سید شاہ حسن عبدالقادر شرف الدین غوث پاشاہ قادری چشتی معشوقی، سید نور اللہ حسینی عظیم پاشاہ، سید صدام حسین چشتی شاہ پور، حافظ غلام محمد حسین اشرفی سمیت متعدد علماء، مشائخ، سجادگان اور عقیدت مند موجود تھے۔
اس سے قبل 3 جولائی کو بعد نماز جمعہ مسجد حضرت شاہ چندا حسینیؒ، سلطان پلی ڈوڈی، ضلع رنگا ریڈی سے عظیم الشان صندل مالی جلوس برآمد ہوا، جو مختلف راستوں سے گزرتے ہوئے بارگاہ شریف پہنچا۔ جلوس کے دوران ذکر و اذکار، درود و سلام، نعت اور منقبت کی روح پرور صداؤں سے فضا معطر رہی، جبکہ بارگاہ پر نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ صندل مالی کی رسم ادا کی گئی۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء کے لیے اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا، جس کے بعد تمام حاضرین کی ضیافت کے لیے طعام کا معقول انتظام بھی کیا گیا۔