تلنگانہ

تلنگانہ سکریٹریٹ میں خاتون عہدیدار کو جنسی ہراسانی کی شکایت، چیف سکریٹری سے رجوع

تلنگانہ سکریٹریٹ میں ایک اہم محکمہ میں سیکشن آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی خاتون اسسٹنٹ سیکشن آفیسر نے اپنے ایک ساتھی افسر کے خلاف جنسی ہراسانی کی شکایت چیف سکریٹری سے کی ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ سکریٹریٹ میں ایک اہم محکمہ میں سیکشن آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی خاتون اسسٹنٹ سیکشن آفیسر نے اپنے ایک ساتھی افسر کے خلاف جنسی ہراسانی کی شکایت چیف سکریٹری سے کی ہے۔

ذرائع کے مطابق خاتون افسر نے چیف سکریٹری کو تحریری شکایت پیش کرتے ہوئے ساتھی افسر پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے۔ شکایت کے بعد سکریٹریٹ کے اعلیٰ حکام نے معاملے کا نوٹس لیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ جس افسر کے خلاف شکایت کی گئی ہے، وہ بھی سکریٹریٹ میں سیکشن آفیسر کے عہدے پر خدمات انجام دے رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف سکریٹری کو شکایت کے ساتھ ساتھ مذکورہ افسر کے خلاف عدالت کی توہین اور دیگر الزامات سے متعلق معاملات سے بھی واقف کرایا گیا۔

معاملے کی اطلاع ملنے کے بعد چیف سکریٹری نے مذکورہ سیکشن آفیسر کو مزید کارروائی کے لیے جے ای ڈی سی (JEDC) کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

حکام کی جانب سے خاتون افسر کی شکایت اور دیگر متعلقہ ریکارڈ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ معاملے میں مزید محکمانہ کارروائی تحقیقات اور قانونی طریقہ کار کی تکمیل کے بعد کی جائے گی۔

واضح رہے کہ خاتون افسر کی جانب سے عائد کیے گئے جنسی ہراسانی کے الزامات کی تحقیقات ہونا باقی ہیں اور حتمی طور پر حقائق کا تعین متعلقہ تحقیقات اور قانونی کارروائی کے بعد ہی ہوسکے گا۔