روسی میزائل پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل، نیٹو نے جنگی طیارے الرٹ کر دیے
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کی صبح پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہونے والا میزائل روس کے یوکرین پر کیے گئے بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں کا حصہ تھا۔ ان حملوں میں بچوں سمیت کم از کم آٹھ افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوئے۔
برسلز: روس کی جانب سے یوکرین پر رات بھر کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کے دوران ایک میزائل پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہو کر گر گیا، جس کے بعد نیٹو نے فوری ردعمل دیتے ہوئے اپنے جنگی طیاروں کو الرٹ کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کی صبح پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہونے والا میزائل روس کے یوکرین پر کیے گئے بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں کا حصہ تھا۔ ان حملوں میں بچوں سمیت کم از کم آٹھ افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوئے۔
نیٹو کے ترجمان نے بتایا کہ میزائل کی نشاندہی ہوتے ہی پولینڈ اور دیگر اتحادی ممالک نے ایف-16 جنگی طیارے، فضائی ایندھن فراہم کرنے والا طیارہ اور فضائی نگرانی کے لیے ابتدائی انتباہی طیارہ فوری طور پر روانہ کر دیا۔
ترجمان نے کہا کہ نیٹو اپنی رکن ریاستوں کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
پولینڈ کے حکام کے مطابق مشرقی گاؤں تارناوا-کولونیا میں میزائل گرنے سے ایک بڑا گڑھا بن گیا، تاہم اس واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
رپورٹس کے مطابق اس واقعے کے بعد نیٹو اور روس کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جبکہ یورپی ممالک کو اندیشہ ہے کہ چار برس سے جاری روس۔یوکرین جنگ کے اثرات ان کی سرزمین تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔