شمالی بھارت

بھینسوں کے مالکین کے خلاف ایف آئی آر درج

ویسٹرن ریلوے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ممبئی میں بھینسوں کے ریوڑ سے ٹکرانے کے بعد تباہ ہونے والے ٹرین کے سامنے کے حصہ کی مرمت کر دی گئی ہے۔

ممبئی/احمد آباد: ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) نے گجرات میں جمعرات کی صبح ممبئی اور گاندھی نگر کے درمیان چلنے والی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین سے بھینسوں کے ریوڑ کی ٹکر کے سلسلے میں ان مویشیوں کے مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

حکام نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ ویسٹرن ریلوے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ممبئی میں بھینسوں کے ریوڑ سے ٹکرانے کے بعد تباہ ہونے والے ٹرین کے سامنے کے حصہ کی مرمت کر دی گئی ہے۔

حکام نے بتایا کہ حال ہی میں شروع ہونے والی ممبئی سینٹرل-گاندھی نگر وندے بھارت ٹرین جمعرات کو صبح تقریباً 11:15 بجے احمد آباد کے قریب پٹری پر بھینسوں کے ریوڑ سے ٹکرا گئی۔ اس وقت ٹرین گاندھی نگر کی طرف جارہی تھی۔ حادثے میں چار بھینسیں ہلاک ہوئیں۔

مغربی ریلوے کے سینئر ترجمان (احمد آباد ڈیویژن) جتیندر کمار جینت نے بتایا کہ آر پی ایف نے احمد آباد کے وٹو اور منی نگر ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان وندے بھارت ٹرین کے راستے میں آنے والی بھینسوں کے نامعلوم مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔

واتوا ریلوے اسٹیشن پر تعینات آر پی ایف انسپکٹر پردیپ شرما نے بتایا کہ ٹرین کے تباہ شدہ حصے کے سلسلے میں ریلوے ایکٹ 1989 کی دفعہ 147 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریلوے پولیس نے ابھی تک مویشیوں کے مالکان کی شناخت نہیں کی ہے اور اس کے لئے کوششیں جاری ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے 30 ستمبر کو گاندھی نگر اور ممبئی کے درمیان چلنے والی سیمی ہائی اسپیڈ وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کے نئے اور بہتر ورژن کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تھا۔ یہ ملک میں چلنے والی تیسری وندے بھارت ٹرین ہے۔