کھیل

ہندوستان نے بنگلہ دیش کو 188 رن سے شکست دی

شکیب نے کلدیپ یادو کی گیند پر آؤٹ ہونے سے قبل چھ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 108 گیندوں پر 84 رن بنائے، جب کہ تیج الاسلام، عبادت حسین اور خالد احمد آپس میں صرف 21 گیندیں ہی کھیل سکے۔

چٹاگانگ: ہندوستان نے کلدیپ یادو (آٹھ وکٹ) کی قیادت میں گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میں اتوار کو 188 رنز سے شکست دے دی ہندوستان نے بنگلہ دیش کو 513 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم پانچویں روز 324 رنز پر سمٹ گئی۔

 بنگلہ دیش نے دن کا آغاز 272/6 پر کیا اور ہندوستان کو باقی چار وکٹیں لینے میں صرف 50 منٹ لگے۔ چوتھے دن ناٹ آوٹ رہنے والے مہدی حسن معراج نے محمد سراج کی گیند پر چوکا لگا کر دن کا آغاز کیا لیکن دو اوورز کے بعد ہی وہ سراج کا شکار ہو گئے۔

کپتان شکیب الحسن نے معراج کا وکٹ گرنے کے بعد بھی جارحانہ کھیل جاری رکھا، البتہ نچلی صف کے بلے باز وکٹ پر جم نہیں سکے۔ شکیب نے کلدیپ یادو کی گیند پر آؤٹ ہونے سے قبل چھ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 108 گیندوں پر 84 رن بنائے، جب کہ تیج الاسلام، عبادت حسین اور خالد احمد آپس میں صرف 21 گیندیں ہی کھیل سکے۔

اس فتح کی بدولت ہندوستان نے دو میچوں کی سیریز میں ایک۔صفر کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی اس کی امیدیں ابھی تک برقرار ہیں۔ سیریز کا دوسرا میچ 22 دسمبر سے ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔