مہا کمبھ میلہ میں آگ بھڑک اُٹھی، 19 ٹینٹ جل کر خاکستر ہوگئے
پولیس اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور آس پاس کے علاقوں کو خالی کروایا جا رہا ہے۔ آگ شاستری پل اور ریلوے پل کے درمیان کے علاقے میں لگی ہے، جو مکمل طور پر مہاکمبھ میلہ علاقے میں آتا ہے۔ فی الحال کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
پریاگ راج: پریاگ راج کے مہاکمبھ میلہ علاقے کے سیکٹر 19 میں ایک سلینڈر دھماکے کے باعث خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ دھماکہ ٹینٹ میں رکھے سلینڈر کے پھٹنے سے ہوا، جس کے نتیجے میں تقریباً 18 سے 19 ٹینٹ جل کر خاکستر ہو گئے۔
آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں موقع پر پہنچ چکی ہیں، لیکن آگ تیزی سے پھیل رہی ہے۔ پولیس اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور آس پاس کے علاقوں کو خالی کروایا جا رہا ہے۔ آگ شاستری پل اور ریلوے پل کے درمیان کے علاقے میں لگی ہے، جو مکمل طور پر مہاکمبھ میلہ علاقے میں آتا ہے۔ فی الحال کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
آگ بجھانے کے لیے کئی ٹیمیں موقع پر کام کر رہی ہیں۔ چیف فائر آفیسر (سی ایف او) پرمود شرما نے بتایا کہ آگ نے تقریباً 18 ٹینٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ آگ بجھانے کے لیے 15 سے 16 فائر ٹینڈرز تعینات کیے گئے ہیں۔
یہ افسوسناک واقعہ مہاکمبھ میلے کے دوران حفاظتی انتظامات پر سوال اٹھاتا ہے۔ امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں، اور حکام صورتحال پر مکمل قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔